منشیات سمگلر قومی سلامتی کیلئے خطرہ، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے : آرمی چیف

منشیات سمگلر قومی سلامتی کیلئے خطرہ، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے : آرمی چیف

منشیات کی فروخت سے رقوم دہشت گردی کیلئے استعمال کی جاتی ، جنرل باجوہ ،اینٹی نارکوٹکس فورس ہیڈکوارٹرز کا دورہ ، جنوبی افریقہ کے فوجی سربراہ کی آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس سے ملاقاتیں ، رابطوں کا دائرہ کار بڑھانے پر غور

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے قیام اور پاکستان میں منشیات کی سمگلنگ کے کنٹرول میں کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ افسروں اور عملے سے گفتگو کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ منشیات فروش اور اس کی پیداوار میں ملوث عناصر قومی سلامتی کیلئے خطرہ اور انسانیت کے بدترین دشمن ہیں۔ منشیات کی فروخت سے حاصل رقوم دہشت گردی کے فروغ کیلئے استعمال کی جاتی ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ منشیات فروشوں کیساتھ سختی سے نمٹنا جائے ۔ آرمی چیف نے پاکستان میں منشیات کی سمگلنگ پر قابو پانے میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی کوششوں کو سراہا۔ قبل ازیں اے این ایف کے ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل محمد عارف ملک نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ادھر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے گزشتہ روز ساؤتھ افریقن نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ جنرل روڈزینی مفوانیا نے ملاقاتیں کیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دونوں ملکوں کے مابین تربیت اور سکیورٹی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پرآرمی چیف نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کیساتھ اپنے روابط کو بہت اہمیت دیتا ہے ، جنوبی افریقہ کو براعظم افریقہ کے ایک اہم ملک کے طور پر دیکھتا ہے ، افریقی خطے میں علاقائی امن، سلامتی اور ترقی کیلئے جنوبی افریقہ کے کردار کوسراہتا ہے ۔ معزز مہمان نے علاقائی امن واستحکام خصوصاً افغا ن امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، فریقین نے ہر سطح پر دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا عہد کیا ۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر تینوں سروسز کے چاک وچوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں