ٹک ٹاکر عائشہ نے 10میں سے 4ملزم غلط شناخت کئے

ٹک ٹاکر عائشہ نے 10میں سے 4ملزم غلط شناخت کئے

4ملزم چھ ماہ سے جیل میں قید ہیں، جوڈیشل مجسٹریٹ نے رپورٹ جاری کردی

لاہور (عدالتی رپورٹر)مینار پاکستان دست درازی کیس میں ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اکرم نے 104 ملزمان میں سے 10 ملزم شناخت کر لیے جن میں سے 6 ملزمان درست شناخت ہوئے جبکہ 4 ملزمان غلط شناخت ہوئے ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کامران ظفر نے شناخت پریڈ کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق خاتون نے ایک سو چار ملزمان میں سے چھ ملزم شناخت کر لیے ہیں ،شناخت ہونے والے ملزمان میں شہر یار، مہران، عابد، ارسلان، ساجد اور افتخار شامل ہیں، خاتون نے تین گواہوں بلال ،ریمبو اور صدام کی موجودگی میں شناخت کی۔ رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون نے چار ملزمان کو غلط شناخت کیا، غلط شناخت والے چاروں ملزمان جیل میں چھ ماہ سے مختلف مقدمات میں قید ہیں۔ جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاتون کے مطابق افتخار نامی ملزم نے اسکے کپڑے پھاڑے ، متاثرہ خاتون کے مطابق ارسلان نامی ملزم نے تشدد کیا،شہر یار نامی ملزم نے دھکے دیکر جنگلہ کے ساتھ کھینچا جبکہ ملزم ساجد نے لڑکوں کو میری طرف اکسایا۔ پولیس نے مطابق ٹک ٹاکر خاتون نے کہا کہ واقعے میں کل 12 سے 15 ملزمان شامل تھے ۔لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ گریٹر اقبال پارک میں دست درازی کے معاملے میں گرفتار 104 ملزموں میں سے 6کو عائشہ اکرم نے شناخت کیا اور 3 حراستی ملزموں نے اعتراف جرم کر لیا ۔عائشہ کے پولیس کو دیئے گئے بیان کیمطابق واقعہ میں کل 12 سے 15 ملزم شامل تھے ۔ مزید گرفتاریوں کی صورت میں عائشہ ان کی شناخت کرے گی، 96 ملزموں کے بارے میں ویڈیو شواہد موجود ہیں،جن ملزموں کو عائشہ نے شناخت نہیں کیا ان کی رہائی کے بارے میں عدالت فیصلہ کرے گی۔پولیس نے بتایا کہ عائشہ اکرم سے دست درازی کے کیس میں 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں