چند روز میں آٹا سستا، گھی، چینی، دالوں پر کیش سبسڈی دینگے : شوکت ترین

چند روز میں آٹا سستا، گھی، چینی، دالوں پر کیش سبسڈی دینگے : شوکت ترین

گندم کی ریلیز پرائس 1900 کردی ،مہنگائی دنیا بھر میں ہوئی، یکم اکتوبر سے بجلی مہنگی ہونے کا علم نہیں ، 45کروڑ ڈالرز کی ویکسین درآمد کی گئی:وزیر خزانہ ،چینی، دالوں کی قیمتیں دسمبر تک کم کرینگے :جمشید چیمہ

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی، نیوز ایجنسیاں ) وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی صرف حکومتی پالیسیوں کے سبب نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی کے سبب ہوئی ہے ۔گندم کی ریلیز پرائس 19 سو روپے کردی ہے جس کے بعد آئند چند دنوں میں آٹے کی قیمت میں غیرمعمولی کمی ہوجائے گی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی فی ٹن 430 ڈالر، 9 فیصد تک خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا، خام آئل کی قیمت میں 58 فیصد کا اضافہ ہو چکا ۔ یکم اکتوبر سے بجلی کی قیمت بڑھے گی یا نہیں، اس بارے میں کوئی علم نہیں ، کورونا کی وجہ سے دنیا بھرمیں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں بڑھی ہیں، کورونا سے اشیا کی فراہمی متاثر ہوئی اوراس کے منفی اثرات مرتب ہوئے ، فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں ہوئی ہے ، احساس پروگرام کا ڈیٹا آگیا جس کے تحت ہم رواں ماہ سے ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے ، اب آٹا، گھی، چینی، دالوں پر کیش سبسڈی دیں گے ۔ آئندہ چند دنوں میں آٹے کی قیمت میں کمی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے ، آئی ایم ایف میں جانے سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔ معیشت جب بڑھتی ہے تو قرضوں میں اضافہ ہوتا ہے ، روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے قرضوں میں اضافہ ہوا، اب قرضے 39 ہزار 900 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، یہ قرضے 2018 میں 25 ہزار 290 ارب روپے تھے ، 2020 میں قرض بلحاظ جی ڈی پی 85.7 فیصد تھا اور 2021 میں یہ 81.1 فیصد ہوگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی مدد کرنی ہے ، پاکستان روپے میں افغانستان کو برآمدات کرے گا، 450 ملین ڈالرز کی ویکسین درآمد کی گئی، گھبرانے کی ضرورت نہیں، تجارتی خسارہ کنٹرول میں رہے گا۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی جمشید چیمہ نے کہا 34فیصد لوگوں کو پچھلے سال کی قیمت پر آٹا دینگے ،چینی اور دالوں کی قیمتیں دسمبر تک ہم کم کرینگے ،وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ پی ڈی ایم ،پی پی ،ن لیگ نے ملک کو تباہ کرنے کے علاوہ کیا کیا؟پی ڈی ایم کے اپنے ہی بے شمارمسائل ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں