سجادہ نشین موہڑہ شریف الحاج ہارون الرشیدانتقال کرگئے

سجادہ نشین موہڑہ شریف الحاج ہارون الرشیدانتقال کرگئے

مری،اسلام آباد(نمائندہ دنیا ،اپنے رپورٹر سے ) مرکزی دربار عالیہ موہڑہ شریف مری کے سجادہ نشین الحاج پیر ہارون الرشید گزشتہ روز انتقال کر گئے وہ کچھ دنوں سے علیل تھے ،انہوں نے 87 سال کی عمر پائی۔

ملک کے طول وعرض سے مرید و ں و عقیدت مندوں کے بڑی تعداد موہڑہ شریف مری پہنچنا شروع ہو گئی ہے ان کی نماز جنازہ آج سوموار کو بعد نماز ظہر احاطہ دربارموہڑہ شریف میں ادا کی جائے گی۔ ملکہ کوہسار کے دامن میں واقع ملک کے مشہور ومعروف دربار عالیہ موہڑہ شریف کے گدی نشین الحاج پیر ہارون الرشید کی وفات پر فضاء سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے ۔ ہارون الرشید پیر قاسم خان کے پوتے اور پیر نذیر احمد کے بیٹے تھے ۔آکسفورڈ کے تعلیم یافتہ اور سی ایس پی آفیسر بھی تھے ، 1935 میں پیدا ہوئے اپنی حیات میں ہی ضعیف العمر ی اور علالت کے باعث اپنے بڑے بیٹے پیر ڈا کٹر گوہر نذیر احمد کو گدی نشین بنایا ۔

متوقع رش کے باعث ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ ہائی وے کو متعلقہ لنک روڈز سے فوری برف صاف کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے جبکہ سی ٹی او راولپنڈی نے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان اور وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری نے مرکزی دربار عالیہ موہڑہ شریف مری کے سجادہ نشین الحاج پیر ہارون الرشیدکے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں انہوں نے سجادہ نشین دربار عالیہ موہڑہ شریف الحاج پیر ہارون الرشید کے انتقال پر کہا کہ اللہ تعالی غمزدہ خاندان کو اس دکھ کی گھڑی میں صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کی بخشش فرما کر بلند درجات عطا فرمائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں