سابق صدر رفیق تارڑ 92سال کی عمر میں انتقال کر گئے
لاہور (سیاسی رپورٹر سے ،اپنے سیاسی رپورٹر سے )سابق صدر مملکت رفیق تارڑ 92سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے ، طویل عرصہ سے علیل رفیق تارڑ کو دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال لے جایا گیا مگر جانبر نہ ہوسکے ۔رفیق تارڑ سانس ، شوگر اور پھیپھڑوں سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا تھے ، رفیق تارڑ 2نومبر 1929 کو پیدا ہوئے۔
عدالتی اورسیاسی محاذ پر متحرک کردار ادا کیا، 1998ء سے 2001ء تک صدارت کے عہدے پر فائز رہے ، اس سے پہلے وہ 1991سے 1994ء تک سپریم کورٹ کے بطور سینئر جسٹس جبکہ 1989سے 1991ء تک چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ رہے ، رفیق تارڑ نے بطور سینیٹر بھی خدمات انجام دیں، ان کی نماز جنازہ جامعہ اشرفیہ میں مولانا فضل رحیم کی امامت میں ادا کی گئی،بعد ازاں انہیں آبائی قبرستان گکھڑ کے نواحی گائوں پیر کوٹ میں سپرد خاک کردیا گیا۔صدر عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چودھری شجاعت، پرویزالٰہی و دیگر سیاسی وسماجی شخصیات نے اظہار افسوس کیا، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہبازنے عطا اللہ تارڑکے گھر جاکران کے دادا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔