آئین پاکستان کا آرٹیکل 5 اور 6 کیا ہے ؟

 آئین پاکستان کا آرٹیکل  5 اور 6 کیا ہے ؟

اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے آرٹیکل 5 کے تحت وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو مسترد کیا گیا جبکہ ن لیگ کے سربراہ شہباز شریف نے آئین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر تے ہوئے کہا کہ ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعظم کے خلاف آرٹیکل 6 لگے گا ۔

 آئین کے یہ دونوں آرٹیکل کیا کہتے ہیں؟۔ آئین پاکستان کا آرٹیکل 5 مملکت سے وفاداری، دستور اور قانون کی اطاعت سے متعلق ہے جبکہ آرٹیکل 6 سنگین غداری کے بارے میں ہے ۔ آرٹیکل 5 میں بنیادی طور پر دو شقیں ہیں،اس کی پہلی شق کے مطابق مملکت سے وفاداری ،ہر شہری کا بنیادی فرض ہے جبکہ دوسری شق میں لکھا ہے کہ دستور اور قانون کی اطاعت ہر شہری خواہ وہ کہیں بھی ہو اور ہر اس شخص کی جو فی الوقت پاکستان میں ہو (واجب التعمیل) ذمے داری ہے ۔

آرٹیکل 6 کی شق 1 میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص جو طاقت کے استعمال یا طاقت سے یا دیگر غیر آئینی ذریعے سے دستور کی تنسیخ کرے ، تخریب کرے یا معطل کرے یا التوا میں رکھے یا اقدام کرے یا تنسیخ کرنے کی سازش کرے یا تخریب کرے یا معطل یا التوا میں رکھے ، سنگین غداری کا مجرم ہوگا۔شق 2 میں کہا گیا ہے کہ کوئی شخص جو شق 1 میں مذکورہ افعال میں مدد دے گا یا معاونت کرے گا، یا شریک ہو گا اسی طرح سنگین غداری کا مجرم ہو گا۔شق 2 الف میں کہا گیا ہے کہ شق1 یا شق 2 میں درج شدہ سنگین غداری کا عمل کسی بھی عدالت کے ذریعے بشمول عدالتِ عظمیٰ اور عدالتِ عالیہ جائز قرار نہیں دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں