آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں جلسے کرونگا:عمران خان

آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں جلسے کرونگا:عمران خان

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ، سپیشل رپورٹر، دنیا نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہاامریکا سے دوستی چاہتا ہوں ،غلامی نہیں ،ڈیل نہیں کرونگا، عدلیہ کو تقسیم ،تحریک انصاف اور فوج میں لڑائی کی سازش ہورہی ہے ، آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں جلسے کروں گا۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں تحریک انصاف کے حقیقی آزادی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا اے اللہ صرف تیرے سے مدد مانگتے ہیں، جشن آزادی تقریب میں ماؤں، بہنوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، جہاں ایسے باشعور نوجوان ہو ں وہ ملک خوش قسمت ہوتے ہیں، آج میں نے حقیقی آزادی کا راستہ بتانا ہے ، حقیقی آزادی کوحاصل کرنے کیلئے کیا قدم اٹھانے ہیں آج راستہ بتاؤں گا، چارقسم کی غلامی انسان کرتا ہے ، قائداعظمؒ نے ہمیں ایک غلامی سے آزادی دلوائی۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے 75 سال پہلے کہا ہم انگریزکی غلامی سے نکل کر ہندوؤں کی غلامی میں نہیں جانا چاہتے ، قائداعظم نے کہا ہم ایک آزاد ملک بننا چاہتے ہیں، جب پاکستان بن رہا تھا تو ایک نعرہ تھا پاکستان کا مطلب کیا اور تیرا میرا رشتہ کیا، ضمیر کا سودا کرنے والے راہِ حق سے ہٹ کر جھوٹے خدا کے سامنے جھکتے ہیں، خوف کا بت انسان کو غلام بنادیتا ہے ، غلام قوم کبھی بھی اوپرنہیں جاسکتی۔ پاکستان جب بنا تو لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں، لاکھوں قربانیوں کے بعد ہمارا ملک آزاد ہوا تھا، غلامی انسان کے اندر احساس کمتری ڈال دیتی ہے ، لاہور جمخانہ، پنجاب کلب کے لوگ انگریزوں کی طرح رہتے تھے ، احساس کمتری ایسی تھی پاکستانی انگریز بننا چاہتے تھے ، جب بیرون ملک کرکٹ کھیلنے گیا تو سینئرز کہتے تھے انگریزسے جیتنے کا سوچنا بھی مشکل ہے ۔ احساس کمتری کی وجہ سے میچ ہار جاتے تھے ، جب ہم ذہنی طور پر آزاد ہوئے تو میچ جیتنا شروع ہوگئے ، قائداعظم نے ہمیں غلامی سے آزاد کر دیا، چودہ اگست کا جشن یہاں منائیں گے ۔

عمران خان نے کہا کہ اسلام تلوار سے نہیں پھیلا ، پہلے ذہنوں کے اندر انقلاب آیا تھا، ہم نے اپنے نبیﷺ کی سیرت پرچلتے ہوئے نوجوانوں کو پہلے ذہنی طور پر آزاد کرنا ہے ۔ پاکستانیو آج کل آپ پر خوف طاری کیا جارہا ہے ، خوف کی غلامی سب سے خوفناک غلامی ہے ، مسلمانوں کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ کربلا میں ہوا، کوفہ کے لوگوں کو پتا تھا حضرت امام حسین ؓ راہ حق پرہیں، کوفہ کے لوگوں نے یزید کے خوف کی وجہ سے حضرت امام حسین ؓ کی مدد نہیں کی بعد میں پچھتائے ، تیسرا خوف یہ ہے نوکری یا کاروبار نہ ختم ہو جائے ، ان تین خوف کی وجہ سے انسان راہ حق پر چلنے سے ڈرتا ہے ۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ مخالفین 26 سال سے میری ہر قسم کی کردار کشی کر رہے ہیں، کتابیں لکھوائی گئیں، اللہ کی شان دیکھو آپ کی تعداد میری حوصلہ افزائی کر رہی ہے ، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے ، جو موت سے ڈرتا ہو وہ زندگی میں کبھی بڑا کام نہیں کرسکتا، مدینہ کی ریاست میں ہمارے نبیﷺ نے انسانوں میں موت کا خوف ختم کردیا تھا۔پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈر کی امت ہیں، ہم دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلا کر کیوں پھرتے ہیں، اللہ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے ، غلام قوم کی پرواز کبھی اونچی نہیں جاسکتی، ہم نے اپنے بچوں کواپنے نبیﷺ کی سیرت پڑھانی ہے ، جب وزیراعظم تھا تو میں نے رحمت للعامین ؐاتھارٹی بنائی تھی، پیارے نبی ؐکی سیرت کو پڑھنے سے ہمیں دین اسلام بارے پتا چلے گا۔

میں اینٹی امریکن نہیں ہوں، امریکا میں سب سے طاقتور پاکستانی کمیونٹی ہے ، ہماری سب سے زیادہ ایکسپورٹ امریکا سے ہے ، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں لیکن غلامی نہیں۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں، امریکا، یورپ کی نفسیات کو جانتا ہوں، اگر ان کے پاؤں میں گریں گے تو وہ ہمیں استعمال کریں گے ، اگر ہم ان کی چمچہ گیری کریں گے تو وہ ہماری عزت نہیں کریں گے ، اگر ہم اپنے ملک کے مفاد کے لیے کھڑے ہوں گے تو ان کو اچھا نہیں لگے گا لیکن آپ کی عزت کریں گے ، 26سال پہلے بھی میری یہی پالیسی تھی، 26سال پہلے پارٹی کا آغاز کیا تو میرا نصب العین یہی تھا میں خود کبھی کسی کے سامنے جھکا نہ اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا۔ صدر ٹرمپ سے میرے تعلقات ٹھیک تھے ، جب میں واشنگٹن گیا تو جس طرح پروٹوکول اس نے مجھے دیا اس سے پہلے کون سے پاکستانی وزیراعظم کو دیا۔ ان کی مخالفت اس لیے کرتا ہوں کہ انہوں نے مشرف کو دھمکی دی کہ جنگ میں شرکت نہیں کی تو وہ پاکستان کو تباہ کردیں گے اس وقت جنرل مشرف گھٹنے ٹیک گیا اور قوم نے بھاری قیمت ادا کی۔ میں امریکا مخالف نہیں ہوں، پھر ہمارے سفیر اسد مجید کو ایک امریکی انڈر سیکرٹری سٹیٹ ڈونلڈ لو ملنے آتا ہے اور ہماری ذلت ہوئی اور اس نے دھمکی دی۔ہم بحیثیت قوم مل کر قرضے اتاریں گے ، اپنے پیر پر کھڑے ہوں گے ، مشکل وقت گزاریں گے ، آزادی آسانی سے نہیں ملتی، قربانیاں دینی پڑتی ہیں اور میری قوم قربانی دینے کیلئے تیار ہے ،حقیقی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ امپورٹڈ حکومت کو ہم فارغ نہیں کرتے اور الیکشن نہیں کرواتے ہم مل کر اس ملک میں جدوجہد کریں گے۔

شہباز گل کے معاون کی اہلیہ کی گرفتاری کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ جو بھی یہ کر رہے ہیں سار ے سازشی آج میری آواز کان کھول کر سن لو یہ تم اس قوم کو نہیں روک سکتے ۔رات کے 12 بجتے ہی جلسے میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور چیئرمین پی ٹی آئی تقریر روک کر مناظر سے محظوظ ہوئے ، جس کے بعد اپنی تقریر جاری رکھی۔عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں آج پہلی مرتبہ سب سے اچھا 14 اگست منایا اور میرا دل کہہ رہا ہے اگلے 14 اگست کوہم اپنی حقیقی آزادی لے چکے ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی سازشیوں کے ساتھ مل کر اندرونی میر جعفر اور میر صادق اب کیا سازش کر رہے ہیں، لوگوں کے اوپر خوف طاری کرنے کی کوشش کی، 25 مئی کو لوگوں کو ڈرایا اور 3 لوگ شہید ہوئے لیکن جب پنجاب کا ضمنی الیکشن ہوا تو دھاندلی کے باوجود ہم نے ان کو شکست دی۔ سکندر سلطان نے ان کی ہر قسم کی مدد کی، وہ بزدل آدمی ہے ، اس کو پیچھے سے ایک جوتا پڑا تو ان کی مدد کی لیکن لاہور کے عوام کو خصوصی سلام پیش کرتا ہوں کہ آپ نے ان کو بری شکست دی۔انہوں نے سازش کا منصوبہ بنایا کہ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ اور ممنوعہ فنڈنگ کا کیس بناؤ اور کسی طرح نااہل کرکے ادھر سے نواز شریف کو بلاؤ اور پھر کہو عمران خان کو لڑنے دیں گے اور نواز شریف پر پابندی ہٹادو۔

جو بھی یہ سازش کر رہا ہے کان کھول کر سن لو عمران خان کوئی ڈیل نہیں کرنے لگا، میرا مقابلہ اس ڈاکو سے نہ کرو۔سازش یہ ہے کہ نواز شریف کو ستمبر کے آخر میں لانے کی کوشش ہے ، نواز شریف فکر نہیں کرو میں تمہارا بہت اچھی طرح استقبال کروں گا۔ دوسری سازش یہ ہے کہ عمران خان کے اوپر کیسز کرو، کردار کشی کرو، لفافہ والے ٹی وی سٹیشن، پیسے لے کر ضمیر بیچنے والے ، ان کے ذریعے عمران خان کی کردار کشی کرو، برا بھلا کہو اور نااہل کرو اور وہ ٹی وی چینل جو عمران خان کا مؤقف پیش کرے اس کو بند کرو۔عمران خان نے کہا چینل کو کیا پتا تھا کہ شہباز گل کیا کہہ دے گا، اس کا قصور یہ تھا کہ عمران خان کا مؤقف پیش کرتا ہے جبکہ دوسرے کردار کشی کرتے ہیں، پھر سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن، سوشل میڈیا کے بچوں کو فون کرکے ڈرا یا اور خوف دلا یا تاکہ عمران خان کی آواز سامنے نہ لے کر آئیں اس کو بھی بند کردو۔ اس سے بھی خوف ناک چیز یہ ہے کہ ہماری عدلیہ کو تقسیم کرنے کی سازش چل رہی ہے تاکہ عدلیہ سے مرضی کے فیصلے لیے جائیں، میڈیا کا منہ بند کرو، عدالتوں کو تقسیم کرو، ملک میں خوف پھیلاؤ اور چوروں کو ہمارے اوپر مسلط کرو جو بیرونی ایجنڈا ہے ۔

اس سے بھی خوف ناک گیم چل رہی ہے کہ عمران خان اور فوج کے بیچ میں ، تحریک انصاف اور فوج کی آپس میں لڑائی کروائی جائے اور آمنا سامنا کروایا جائے ۔ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ میں چاہوں کہ ملک کی فوج کمزور ہو، ملک میں مسائل ہیں اور میں کیوں چاہوں گا کہ فوج کمزور ہو۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے اپنے عوام میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے لوگوں کے پاس جاؤں گا اور اگلے ہفتے پنڈی جلسہ کروں گا، اس کے بعد کراچی میں جلسہ کروں گا۔مجھے زرداری کا صحیح معنوں میں مقابلہ کرنے کا موقع نہیں مل رہا، اس کے پاس بھی آرہا ہوں، یہ پاکستان کا بڑا لٹیرا ہے ، اس نے سندھ کے عوام سے ظلم کیا ہے اور ان کو غلام بنایا ہوا ہے ، سندھ کے عوام پر ایف آئی آر کرکے ان کا پیسہ لوٹ کر یہ باہر لے جائے ، تو سندھ میں سکھر، حیدر آباد آرہا ہوں، اس کے بعد اسلام آباد، پشاور، مردان اٹک، ایبٹ آباد، ملتان، پھر بہالپور، سرگودھا، جہلم، گجرات، فیصل آباد اور گو جرانوالہ اور آخر میں کوئٹہ آؤں گا۔ میں عوام کو تیار کر رہا ہوں، ہماری حقیقی آزادی کی جنگ آخری اور فیصلہ کن مرحلے میں ہے ، پارٹی اور تنظیموں کو پیغام پہنچایا ہے کہ تیار ی کریں۔ میں نوجوانوں کی ایک ٹائیگر فورس بنا رہا ہوں، جس میں ہماری بیٹیاں اور نوجوان ہوں گے ، جس طرح تحریک پاکستان میں اس وقت کی نسل گھر گھر نکلی ، اسی طرح ہماری بیٹیاں اور نوجوان تیار ہوجاؤ گھر گھر جا کر حقیقی آزادی کا پیغام لوگوں کے پاس لے کر جانا ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اپنے خطاب میں کہا حضور ﷺ کے رہنما اصولوں کو لیکر آگے چل رہا ہوں، اس ویژن کی عملی مثال سود کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے میں قانون لا رہا ہوں جو سود کا کام کرے گا اس کو پانچ سال کی قید سنائی جائے گی۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان میرے قائد ہیں، ان کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہوئے اب وہ صرف پاکستان کے نہیں دنیائے اسلام کے لیڈر بن گئے ہیں، تمام مسلمانوں کی دعا بنے ہیں، یہ سارے کا سارا کریڈٹ پورے پاکستان کو جاتا ہے ، پاکستان کو دنیائے اسلام میں کھڑا کر کے رکھ دیا ہے ۔ میں خان کے ویژن کو آگے لیکر چلوں گا، ان کی کاوشیں لیکر آگے چلوں گا، حساس پروگرام اس کی بہترین مثال ہے ، صوبے میں مہنگائی ختم کرنے کا بہترین منصوبہ میرے پاس موجود ہے ،میرا محور عام آدمی، غریب آدمی اور مفت تعلیم دینا تھا، میرا ویژن تھا جہاں عوام کو تکلیف ہو وہاں سکون پہنچایا جائے ، ریسکیو 1122 بہترین مثال ہے ،ریسکیو 1122 میں جدت لا رہے ہیں، جہاں پر کال آئے گی وہاں پر موٹر سائیکلز بھی جائینگی، تمام سہولیات بھی ملیں گی، ہسپتالوں میں ایمرجنسی میں تمام دوائیاں فری ملیں گی، ڈاکٹروں کے لیے اچھی خبر ہے جو ایمرجنسی میں کام کرے گا ، اگر اس کی تنخواہ ایک لاکھ روپے ہے تو جلد ڈ ھائی لاکھ روپے ملنا شروع ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے 2004ء میں وزیراعلیٰ پنجاب بنتے ہی تعلیم فری کر دی تھی اور کتابیں بھی فری دی تھیں، ورلڈ بینک کی میٹنگ میں میرا نام لیکر سراہا جاتا تھا، اس میٹنگ میں چین اور ہندوستان کے چھوٹے صوبوں کو کہا جاتا تھا کہ پاکستانی پنجاب کو فالو کیا جائے ۔ پاکستان اسلام کے نظریہ پر عمل میں آیا تھا، مسلمانوں کی بہت قربانیاں ہیں، میرے قائد اور آپ کے قائد جناب قائداعظم نے جو ویژن دیا تھا اس کو عمران خان نے آگے بڑھایا تھا۔ حضور ﷺ کے رہنما اصولوں کو لیکر آگے چل رہا ہوں، پرویز الٰہی نے کہا شریفوں کے لیے بری خبرسنا رہا ہوں،عمران خان اورپاک فوج کے درمیان بہترین تعلقات ہیں ، یہ جتنا عمران خان کونیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں یہ خود اتنا نیچے چلے جاتے ہیں۔

انہوں نے عمران خان اورپاک فوج کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی۔جب کشمیری شہید ہورہے تھے یہ دوسری طرف مودی کوپگ پہنارہے تھے ، پرویز الٰہی نے کہا کہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد بیگم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہیلتھ کارڈ کو زبردست طریقے سے آگے بڑھایا، حمزہ شہباز کی حکومت نے اس کو بند کر دیا تھا، وہ ہم نے اتنی تیزی سے شروع کیا ہے یہ کارڈ اب ہر جگہ پہنچے گا، دیہا ت اور صوبے کے تمام شہروں میں پہنچے گا، تاجروں کا کاروبار وفاقی حکومت نے ٹھپ کر دیا، میں نے تاجروں سے آتے ہی ملاقات کی اور ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ رات نو بجے دکانیں بند کرنے کا حکمنامہ واپس لے لیا گیا ہے ۔ میں نے اپنے قائد عمران خان سے بات کی تھی کہ میں آپ کے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے پچیس مئی کو خوفناک تشدد کا سامنا کیا۔ جنہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ زیادتی کی ہے ، ان سے بدلہ لیا جائے گا۔ ان کی سات پشتیں بھی یاد رکھیں گی کہ کوئی آیا تھا تو اس نے ایسا جواب دیا کہ یہ سب یاد رکھیں گے ، جو بھی کروں گا قانون کے تحت کروں گا، مجھے سب کچھ آتا ہے قانون کے تحت کرنا۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تم سن لو! تمہیں ضرور پھانسی ہو گی، میرے دل میں بات اتر گئی جب میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا 25 مئی کو گولیاں چل رہی تھیں، اس وقت حاملہ خاتون پر بھی تشدد کیا گیا۔

اللہ کے گھر میں دیر ہے اندھیر نہیں، رانا ثناء اللہ تم جیل کے پیچھے جانے والے ہو۔ ہم کیس لانے والے ہیں، مجھے اللہ پر پورا یقین ہے رانا ثناء اللہ کو پھانسی کی سزا ہو گی، عمران خان صاحب چاہیں تو بیشک ان کو عمر قید کی سزا سنا دیں، اب شریف خاندان کے لوگ نہیں بچیں گے ۔ عمران خان نے قوم کو ایک نیا نظریہ دیا ہے ، یہ لوگوں کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دے گا۔جلسے سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کا پارٹی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان نے جلد انتخابات کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ،پارٹی رہنمائوں نے عمران خان کو مزاحمت کی بجائے مفاہمت کا مشورہ دیا،پارٹی رہنماؤں نے شدید گرمی کی وجہ سے لانگ مارچ نہ کرنے کی بھی تجویز دی،رہنمائوں نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے جلسوں کو جاری رکھنے اور بیک ڈور ڈپلومیسی کا دائرہ کار بڑھانے پر اتفاق کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں