یاسر ہمایوں سمیت مزید 5رہنماؤں کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

 یاسر ہمایوں سمیت مزید 5رہنماؤں کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

لاہورجہلم ( سیاسی رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں ،دنیا نیوز) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری راجہ یاسر ہمایوں سمیت مزید 5 رہنما ؤں نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

سابق صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں 9 مئی کے واقعات  کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں ۔تحریک انصاف چکوال کے ضلعی صدرسید وقار حسین شاہ نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ9 مئی کے واقعہ کے بعد ہم لوگ اس جماعت میں مزید نہیں رہ سکتے ، سیاست نہیں چھوڑ رہا تاہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان مشاورت کے بعد کرونگا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وقار حسین شاہ نے کہا کہ 2012 میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ، پارٹی میں اس لیے آئے تھے کہ اپنے ملک اور علاقے کے عوام کی بہتری کیلئے سیاست کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ میں پہلے صدارت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔جہلم سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈ اور فواد چودھری کے کزن ر فوق شیرباز نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی ۔9 مئی کو حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے اور لوٹ مار کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے درجنوں رہنما دلبرداشتہ ہوکر پارٹی سے راہیں جدا کررہے ہیں،پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سابق ناظم چوکیرہ میاں صفدر کلیار سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ(ن )میں شامل ہو گئے ،انہوں نے آئندہ الیکشن میں رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا اور پی پی 74 سے امیدوار چو دھری ولید حسن شاہنواز رانجھا کی حمایت کا اعلان کیا ۔تحریک انصاف کے خانیوال سے سابق رکن صوبائی اسمبلی وضلعی جنرل سیکرٹری عمران پرویز دھول، لودھراں سے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری شہزاد انور ، سٹی صدرتحریک انصاف خانیوال مبارک علی اور تحریک انصاف ملتان کے ضلعی سینئر نائب صدرچودھری ابرارحسین نے پارٹی چھوڑنے کااعلان کردیا۔تحریک انصاف صوبائی حلقہ 206 خانیوال کے سابق ایم پی اے وضلعی جنرل سیکرٹری عمران پرویز دھول نے ضلع لودھراں رانا شہزاد اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی اور پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں