ڈپٹی کمشنر فلڈ پلان دو دن میں ارسال کر دیں :بلال افضل

 ڈپٹی کمشنر فلڈ پلان دو دن میں ارسال کر دیں :بلال افضل

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )نگران وزیر مواصلات و ایکسائز پنجاب بلال افضل نے پنجاب کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ جنہوں نے پی ڈی ایم اے کو تاحال فلڈ پلان نہیں بھجوایا وہ دو دن کے اندر ارسال کر دیں۔

وہ جمعرات کو پی ڈی ایم اے کے دفتر میں اپنی زیر صدارت اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو/ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ بلال افضل نے  کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے موثر کیپسٹی بلڈنگ بہت ضروری ہے جس کے لیے عالمی ڈونر اداروں کے تعاون کے لیے رابطہ کیا جائے گا،دریاؤں کے سیلابی علاقوں میں غلطیوں سے پاک ماڈل سٹڈی کرائی جائے ۔ صوبائی وزیر کو دریائے چناب پر طالب والا پتن ضلع سرگودھا کے مقام پر دریائی کٹاؤ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔کرنل معین نے پاک آرمی کے سروے یونٹ کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے صوبہ بھر میں فلڈ فائیٹنگ تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے فلڈ پلان مرتب کر لیا گیا ،پنجاب میں 15 جون تا 15 اکتوبر فلڈ سیزن ہوتا ہے ،محکموں کی تیاری جانچنے کے لیے آزمائشی مشقیں مکمل کر لی گئی ہیں اور ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے ہر گاؤں اور شہرکا ڈیٹا بھی مرتب کر لیا گیا ۔ اس وقت پی ڈی ایم کے پاس 19 ہزار سے زائد خیمے ، 700 کشتیاں اور دیگر ضروری سامان موجود ہے ۔ عمران قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو صوبہ میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایئر ایمبولینس کی ضرورت ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں