ملازمین کی ترقی کے کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت:پنجاب:نئے مالی سال کا بجٹ4ماہ کیلئے ہوگا:محسن نقوی

ملازمین  کی  ترقی  کے  کیسز  جلد  نمٹانے  کی  ہدایت:پنجاب:نئے  مالی  سال  کا  بجٹ4ماہ  کیلئے  ہوگا:محسن  نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلٰی آفس میں صوبائی کابینہ کا 16واں اجلاس ہواپنجاب کابینہ نے صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعدد منصوبوں اور ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کی منظوری دی۔

محسن نقوی نے تمام محکموں کو سرکاری ملازمین کی ترقی کے کیسز جلد نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایک بھی حقدار سرکاری ملازم ترقی سے محروم نہیں رہنا چاہیے - میں خود سرکاری ملازمین کی پروموشن کیسز کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں جبکہ پنجاب کا بجٹ 4 ماہ کا ہو گا ۔اجلاس میں پنجاب سول سروس پنشن رولز میں ترمیم کی منظوری دی گئی- ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد 65 فیصد پنشن کی فوری ادائیگی یقینی ہو سکے گی اورجب تک پنشن کے مکمل کاغذات تیار نہیں ہوتے تب تک 65 فیصد پنشن ملتی رہے گی-اجلاس میں پنجاب میں سڑکوں کوٹوٹ پھوٹ سے بچانے کے لئے ایکسل لوڈ مینجمنٹ رجیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا -فیکٹریوں سے نکلنے والے بڑے ٹرالر کے وزن کو باقاعدہ چیک کیا جائے گااورزیادہ وزن والے ٹرالرکو سڑک پر نہیں آنے دیا جائے گا-کابینہ نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے موٹر وہیکل رولز1969 میں ترمیم کی منظوری دے دی-نگران وزیر اعلی ٰنے ایکسل لوڈ مینجمنٹ رجیم پر عملدرآمد کے لئے صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر کو ذمہ داری تفویض کر دی -اجلاس میں پنجاب میں پیراپلیجک ری ہیبلیٹیشن سینٹرز کے قیام کی منظوری دی گئی-پنجاب کے 5 شہروں ملتان، تونسہ، لاہور، فیصل آباد اور واہ میں مفلوج ہونے والے مریضوں کی بحالی کے لئے خصوصی سنٹرز بنائے جائیں گے اورمفلوج مریضو ں کو ضروری میڈیکل آلات بھی دیئے جائیں گے - محسن نقوی نے سموگ پر قابو پانے کے لئے جامع پلان طلب کر تے ہوئے کہا کہ سیکرٹری ماحولیات آئندہ کابینہ اجلاس میں انسداد سموگ کے حوالے سے حتمی پلان پیش کریں- اجلاس میں اکبر چوک لاہور پر فلائی اوور پراجیکٹ کیلئے گرانٹ ان ایڈ ،پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن(سنگل یوز پلاسٹک پراڈکٹ کے استعمال) کے قوانین 2023 ،محکمہ قانون و پارلیمانی امور کے ایڈ منسٹریٹر جنرل اینڈ آفیشل ٹرسٹیز، پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے ،ریونیو موبلائزیشن سٹریٹجی پلان برائے مالی سال 2023-24 تا 2025-26 کی منظوری دی -اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے چوتھے اجلاس اور کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈ ر کے 5 ویں اور 6 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بڑے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہتری کے لئے پلان طلب کر لیا اور سیکرٹری صحت کوہیلتھ کیئرسروسز کی فراہمی کے لئے 7روز کے اندر پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ہیلتھ کیئر کی بہتری کیلئے ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اور تعمیر ومرمت کاجامع پلان بنایا جائے گا اور خدمات کی بہتری کیلئے ہسپتالوں کوپرانی عمارتوں سے نئی بلڈنگز میں منتقل کیاجائے گا۔ بڑے ہسپتالوں میں بائیومیڈیکل مشینیں، طبی آلات اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں بڑے ہسپتالوں کیلئے ہیلتھ کونسلز کے قیام کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی کا دورہ کیا اور راولپنڈی جمخانہ میں پوٹھوہار انکلوژر اورگیسٹ رومز کا سنگ بنیاد رکھا۔ محسن نقوی نے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی جمخانہ کے ماڈل کو پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی شروع کریں گے ۔ پنجاب کا نئے مالی سال کا بجٹ 4 ماہ کے لئے ہو گا۔ بجٹ میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کیلئے فنڈز مختص کرکے جلد کام شروع کریں گے ۔ کچہری چوک فلائی اوور پر بھی کام کا آغاز کریں گے اور راولپنڈی سیف سٹی کیلئے موجودہ بجٹ میں رقم مختص کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اپنی مدد آپ کے تحت جمخانہ کلب بننے چاہئیں کیونکہ یہ ماڈل کامیاب ہے ۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ جمخانہ کے پوٹھوہار انکلوژر کو ریکارڈ کم مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔جمخانہ منصوبہ اور 38 گیسٹ رومز راولپنڈی کے شہریوں اور بزنس کمیونٹی کے تعاون سے بن رہے ہیں، مجموعی لاگت 550 ملین روپے ہے ۔انکلوژر میں لائبریری، فوڈ ہالز، کافی شاپ، گرینڈ سینما، ٹیبل ٹینس لاؤنج، سنوکر روم اور چلڈرن فن زون تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس میں کانفرنس روم، سیلونز، ایڈمن ونگ اور لانڈری بھی موجود ہوں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں