نواز شریف کیلئے اہم پیغام کیساتھ شہباز کی لندن کیلئے پھر پرواز

نواز شریف کیلئے اہم پیغام کیساتھ شہباز کی لندن کیلئے پھر پرواز

لاہور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف وطن واپس پہنچنے کے دو روز بعد نواز شریف کیلئے ایک اہم پیغام لیکر ایک مرتبہ پھر آج واپس لندن جائیں گے ۔

مریم نواز آج جمعرات کی شام اور شہباز شریف رات کو لندن پہنچیں گے ۔شہباز شریف آج صبح قطر ایئر ویز کی پرواز سے 9 بجکر 25 منٹ بذریعہ قطر ، لندن روانہ ہوں گے ۔مریم نواز بھی آج جمعرات کی علی الصبح لاہور سے غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لندن روانہ ہوں گی۔ ذرائع نے بتایا کل جمعے کو لندن میں مسلم لیگ ن کی قیادت کی اہم بیٹھک ہوگی جس میں صرف نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز شرکت کریں گی۔ذرائع کا کہنا ہے نوازشریف کی واپسی کے حتمی پروگرام کے علاوہ الیکشن سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی کا پروگرام 21 اکتوبر کو فائنل ہے ۔واضح رہے شہبازشریف منگل کو ایک ماہ لندن میں قیام کے بعد واپس آئے تھے۔قبل ازیں مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف اور مریم نواز کی ملاقات ہوئی۔چیف آرگنائزر شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچیں، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملکی سیاسی معاملات پر گفتگو کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں