جنوری کے آخری ہفتے انتخابات:27ستمبر کو حلقہ بندیوں کی پہلی،30نومبر کو حتمی فہرست آئیگی:الیکشن کمیشن چیف سیکرٹریز کو تیاریوں کا حکم

جنوری  کے  آخری ہفتے  انتخابات:27ستمبر  کو  حلقہ  بندیوں  کی  پہلی،30نومبر  کو  حتمی  فہرست  آئیگی:الیکشن  کمیشن  چیف  سیکرٹریز  کو  تیاریوں  کا  حکم

اسلام آباد ،لاہور(وقائع نگار،نامہ نگار، خبرنگار خصوصی،سٹاف رپورٹر ، سیاسی رپورٹر سے ،دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات آئندہ سال جنوری کے آخری ہفتے میں کرانے کا اعلان کردیا اور چیف سیکرٹریز کو ملک بھر میں انتظامی و لاجسٹک سپورٹ کی فراہمی ،انتخابات کی تیاریاں تیزکرنے اور ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی الیکشن کمیشن سے رابطہ کرنے کی ہدایت دینے کا حکم دے دیا۔

نگران حکومت نے کہا ہم مکمل تیار ہیں،تمام وسائل الیکشن کمیشن کو مہیا کرینگے ،افواہیں پھیلانے والوں کیلئے آج مایوسی کا دن ہے ،الیکشن کمیشن کے جاری اعلا میہ کے مطابق الیکشن کمیشن میں ایک اہم اجلاس ہوا ہے جس میں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27ستمبر 2023کو شائع کر دی  جائے گی۔ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی اور اسکے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کروادئیے جائیں گے ۔الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت تمام انتظامی افسران الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں، چیف سیکرٹریز انتخابات کی تیاریوں میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں، ملک کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی الیکشن کمیشن سے رابطے کی ہدایت دی جائے ، پورے ملک میں انتظامی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے ، حساس اور غیر حساس الیکشن میٹریل رکھنے کیلئے محفوظ اور مناسب جگہیں فراہم کی جائیں، الیکشن میٹریل میں ریٹرننگ افسران کو فراہم کئے جانے والے ٹیبلٹس کی حفاظت یقینی بنائی جائے ، الیکشن میٹریل جن مقامات پر رکھا جائے وہاں بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے ۔دریں اثنا نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے ، ہم مکمل طور پر تیار ہیں، تمام وسائل الیکشن کمیشن کو فراہم کریں گے ،افواہیں پھیلانے والوں کے لئے آج مایوسی کا دن ہے ، ہمیں خوشی ہے کہ ملک میں آئین کے تحت انتخابات منعقد ہو رہے ہیں،آئین پاکستان کے تحت اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے ، انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن 30 نومبر تک تمام کام مکمل کرلے گا جبکہ الیکشن ایکٹ 2017ئکے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لئے 54 دن دئیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات ہوں گے ، جو ایک بڑی خبر ہے ، انتخابات کے انعقاد سے ملک میں معاشی ترقی و سیاسی استحکام میں اضافہ ہوگا،انتخابات کرانے کیلئے ہمارے پاس تمام وسائل موجود ہیں، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع حاصل ہوں۔مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبا ل نے کہا تمام جماعتوں کو اب الیکشن کی تیاری کرنی چا ہئے ، میرے خیال میں اب بے یقینی کا خاتمہ ہونا چا ہئے ۔ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا جے یو آئی انتخابات کی خواہاں ہے لیکن 2018ء کے الیکشن جیسا انتخاب نہیں چاہتی۔تحریک انصاف کے رہنما اور ممبر کور کمیٹی نیاز اللہ نیازی نے کہا دستور الیکشن کمیشن کو اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز کی مدت میں انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کریں گے ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا الیکشن کمیشن کا اعلان خلاف آئین ہے اور پیپلز پارٹی اس کے خلاف عدلیہ سے رجوع کرنے یا عوام میں جانے کے آپشنز پر غور کرے گی۔شازیہ مری نے کہا صرف عندیہ سے کام نہیں چلے گا ، تاریخ کا ہونا ضروری ہے ، امید ہے تاریخ کا معاملہ بھی جلد حل ہوجائے گا ، قمر زمان کائرہ نے کہا چاہتے تھے 90 روز میں الیکشن ہو جائیں ، الیکشن کمیشن کی جانب سے تاریخ دینے سے غیر یقینی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ تحریک انصاف پارلیمینٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے ، سیاسی بحران سے نکلنے کیلئے غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات ناگزیر، ہماری جڑیں عوام ہیں وہی ہم کو اقتدار میں لائیں گے ۔استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاالیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ جاری کر کے ملک میں طبل جنگ بجا دیا ، آئی پی پی کے \"ووٹر کو عزت دو\"کے سفر کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں