پاکستان یوکرین ، روس جنگ میں غیرجانبدارہے :نگران وزیر اعظم

پاکستان یوکرین ، روس جنگ میں غیرجانبدارہے :نگران وزیر اعظم

اسلام آباد ،مدینہ منورہ(اے پی پی،مانیٹرنگ) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان بڑی طاقتوں کے مقابلے میں فریقین کا انتخاب کئے بغیر اپنے مفادات پر توجہ دے رہا ہے جبکہ مغرب چین کو محدود کرنے کی کوششوں کے جنون میں مبتلا ہے۔

 پاکستان چین کواپنا سدابہار دوست اور سٹر ٹیجک شراکت دار سمجھتا ہے ۔بدھ کو نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والے انٹرویو میں جو وزیراعظم نے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے موقع پر دیا تھاانہوں نے کہا پاکستان یوکرین کے ساتھ روس کی جنگ پر غیرجانبدارہے ،یہ سرد جنگ نہیں ہے ، یہاں کوئی آئرن کرٹن نہیں ہے ، یہ اتنا مبہم نہیں ہے ، ہر کوئی دیکھ رہا کیا ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان ایسی راہ پر گامزن ہے جس کا انتخاب مغرب، روس اور چین کے درمیان مسابقت سے بچنے کے لئے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان امریکا اور چین کی بڑھتی دشمنی میں کسی بھی کیمپ کاحصہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نجی دورے پر لندن سے مدینہ منورہ پہنچ گئے ۔مدینہ کے گورنر فیصل بن سلمان نے ایئرپورٹ کے شاہی ٹرمینل پر نگران وزیر اعظم کا پُرتپاک استقبال کیا۔پاکستان کے سفیر احمد فاروق، سفارت خانے اور جدہ قونصلیٹ جنرل کے دیگر اعلیٰ افسر بھی موجود تھے ۔نگران وزیر اعظم آج عمرہ کی ادائیگی کے لئے مکہ روانہ ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں