کوئٹہ:خودکش حملے کیلئے تیار گاڑی پکڑی گئی،35کلو دھماکا خیز مواد برآمد
کوئٹہ (کرائم رپورٹر)کوئٹہ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مشرقی بائی پاس پر واقع پارکنگ میں خودکش حملے کیلئے تیار کی گئی گاڑی سے 35کلو دھماکا خیز مواد برآمدکرکے قبضے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد کوئٹہ شہر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے ہیں جس پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مشرقی بائی پاس پر ایک پارکنگ کی تلاشی لی اور وہاں پر کھڑی مشکوک گاڑی سے 35کلو دھماکا خیز مواد برآمد کرکے ناکارہ بنا کر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔