سکول اوقات کار میں اساتذہ کی الیکشن اور دیگر ڈیوٹی پر پابندی: سروسز ہسپتال بھی اپ گریڈ ہوگا: محسن نقوی
لاہور(سیاسی رپورٹر سے)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری سکول وحد ت روڈکا دورہ کیا۔کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبا سے ملاقات کی۔
سکول کے دورے کے دوران اساتذہ کی سکول اوقات کار میں الیکشن اور دیگر ڈیوٹی پر پابندی عائد کر دی- محسن نقوی نے کہا کہ سکول اوقات کار میں اساتذہ الیکشن سمیت کوئی بھی ڈیوٹی سرانجام نہیں دیں گے - یہ نہیں ہو سکتا کہ طلبا کلاس روم میں فارغ بیٹھے رہیں اور اساتذہ موجود نہ ہوں ۔طلبا کی درخواست پر وزیر اعلی ٰنے سکول کنٹین کی سہولت کو بہتر بنانے کا اعلان کیا ۔محسن نقوی نے کہا کہ طلبا کو سپیڈو بس سروس میں رعایتی سفر کی سہولت دی جائے گی- وزیر اعلیٰ نے کلاس رومز، گراؤنڈ اور لان کی حالت بہتر بنانے کا حکم دیا۔ 11 ویں اور 12 ویں کلاس کے طلبا کو پڑھانے کے لئے اساتذہ تعینات کر دیئے گئے -اساتذہ کی تعیناتی پر طلبا نے خوشی کا اظہار کیا-وزیر اعلی ٰنے پائلٹ سکول کو ماڈل سکول بنانے کا اعلان کیا۔آشوب چشم کے ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا ۔مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبا سے ملاقات کی اور پڑھائی کے بارے میں پوچھا-طلبا نے وزیر اعلی ٰکے ساتھ تصویریں بنوائیں اور آٹو گراف لئے ۔
محسن نقوی نے کمپیوٹر لیب اور لائبریری کا بھی معائنہ کیا -گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور گراؤنڈ اور لان کو بہتربنانے کے لئے پی ایچ اے کو ٹاسک دیا -محسن نقوی نے فوری طور پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو سکول بلایااور کلاس رومز اور کنٹین کو بہتر بنانے کیلئے ہدایات دیں -وزیر اعلی ٰ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 48 ہزار سکول ہیں، سب کو بیک وقت ٹھیک کرنا ممکن نہیں ۔لاہور کے سکولوں کو سنٹر آف ایکسی لینس بنانے کے لئے 20 سے 25 ارب روپے درکار ہیں - پنجاب کے باقی سکولوں کو نظر انداز کر کے صرف لاہور کے سکولوں پر 20، 25 ارب روپے لگانا شاید مناسب نہیں -سرکاری سکولو ں کی بہتری کیلئے انتظام و انصرام پرائیویٹ اداروں کو دیا جا رہا ہے -سکول پرائیویٹائز نہیں کر رہے ہیں، ٹیچرز یہی ہوں گے ، فنڈنگ بھی یہی ہو گی- انہوں نے کہا کہ پائلٹ سکول میں ایچی سن کالج سے بڑے گراؤنڈ ہیں لیکن سپورٹس سرگرمیاں زیرو کے برابر ہیں ۔
نگران وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر سروسز ہسپتال بھی اپ گریڈ ہو گا، گراؤنڈ فلور پر انتہائی نگہداشت کا یونٹ بنے گا -ایم ایس اور دیگر انتظامی دفاتر بیسمنٹ میں منتقل ہوں گے ، اپ گریڈیشن پر 4 ارب روپے لاگت آئے گی-وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اوراپ گریڈ یشن کا کام 90 روز میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا-محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے ماسٹر پلان پر جلد عملدرآمد کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ گراؤنڈ اور دیگر فلورز کو فوری طور پر خالی کرا کر 16 اکتوبر سے اپ گریڈیشن کا کام شروع کیا جائے اور 3 شفٹ میں کام کیا جائے ۔سمز لیب میں سہولتوں کے فقدان پر برہمی کا اظہار کیا- بے ہنگم پارکنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پارکنگ کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیا-محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک کے لئے نئی لفٹ تنصیب کرنے کا حکم دیا۔نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔
وزیراعلی ٰنے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ڈیڈ لائن پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کے پیش نظر پراجیکٹس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے ۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا جس میں محسن نقوی نے سکولوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کے فوری اقدامات سے آشوب چشم کے مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی کمی آئی ہے ۔ سیکرٹری صحت نے آشوب چشم کے کیسوں اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں بریفنگ دی۔