فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ،جماعت اسلامی کا مظاہروں کا اعلان
لاہور (سیاسی نمائندہ،خبر ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر مظاہروں اور قومی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گوں مگوں کی صورت حال سے نکل کر ارضِ مقدس کی آزادی کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے ۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسرائیل ایک ناجائراور قابض ریاست ہے اسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے سعودی عرب کے اسرائیل سے تمام مذاکرات معطل کرنے کے اعلان کو سراہا اور ان تمام اسلامی ممالک جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا سے اپیل کی کہ وہ اپنے فیصلوں کوواپس لینے کا اعلان کریں۔ جمعہ کو ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے اور ریلیاں ہوں گی جبکہ اتوار کو کراچی میں فلسطین و اقصیٰ مارچ کا انعقاد کیا جائے گا۔