شاہ محمود کا بھی سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

شاہ محمود کا بھی سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آباد، راولپنڈی(سپیشل رپورٹر، اپنے رپورٹر سے)چیئرمین پی ٹی آئی کے بعد تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی سائفر کیس میں ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

گزشتہ روز شاہ محمود قریشی نے ضمانت مسترد کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی جس میں آٹھ اکتوبر کے فیصلے کو کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے اور موقف اپنایا گیا کہ ہائی کورٹ نے قانون اور حقائق کا درست جائزہ لیے بغیر ضمانت کی درخواست مسترد کی ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ خفیہ دستاویز کو ظاہر کرنے اور بیرونی ملک سفارتی پیغام رسانی کے طریقہ کار کو نقصان پہنچانے کا الزام جھوٹا اور من گھڑت ہے ،مقدمہ بدنیتی پرمبنی اور سیاسی مقاصد کے لیے بنایا گیا ہے جس کا مقصد سیاسی انتقام اور حساب برابر کرنا ہے ۔ درخواست میں قانونی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سائفر کیس میں ایف آئی آر قانون کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر درج نہیں ہوئی جبکہ ایف آئی آر میں درخواست گزار کا براہ راست تعلق نہیں بتایا گیا، درخواست میں وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے ۔ ادھر شاہ محمود قریشی سے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں فیملی نے ملاقات کی، ملاقات میں کیسوں کے بارے میں مشاورت بھی کی گئی۔ جیل حکام کے مطابق فیملی ممبرز ایک گھنٹہ ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں