انتخابات:حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری

انتخابات:حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری

اسلام آباد(دنیا نیوز)ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے اہم پیشرفت، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیاہے ۔

قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 266 ہوگی جبکہ مخصوص نشستیں ملاکر ایوان 336 ارکان پر مشتمل ہوگا، خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 60 ہوگی، قومی اسمبلی میں پنجاب سے خواتین کی32اورسندھ سے 14مخصوص نشستیں ہوں گی،خیبر پختونخوا سے 10 اوربلوچستان سے 4 خواتین مخصوص نشستوں پررکن بنیں گی، اقلیتوں کی 10 نشستیں برقرار رکھی گئی ہیں۔ آئندہ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی میں 172 کے بجائے 169ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیاں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر مکمل کیں۔ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر کو جاری کی گئی تھی جس پر 109 اضلاع سے 1324 اعتراضات موصول ہوئے تھے ، الیکشن کمیشن کے 2خصوصی ٹربیونلز نے یکم نومبر سے 22 نومبر تک مرحلہ وار تمام اعتراضات نمٹائے ۔ سانگھڑ سے قومی اسمبلی کی ایک نشست کم جبکہ کراچی ساؤتھ کی قومی اسمبلی کی ایک نشست بڑھ گئی ہے ، نئی حلقہ بندیوں میں سابق فاٹا کی 6 نشستیں کم ہوگئیں ، سا بق فاٹا کی 12نشستیں تھیں جو25ویں آئینی ترمیم کے بعد کم ہوئی تھیں، چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 593 جنرل نشستیں ہوں گی۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141، سندھ میں 61 جنرل نشستیں ہوں گی،خیبرپختونخوا میں 45 جبکہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 جنرل نشستیں ہوں گی، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی 3 جنرل سیٹیں ہوں گی جبکہ پنجاب سے قومی اسمبلی کی 32 خواتین کی نشستیں ہوں گی ، سندھ سے قومی اسمبلی کی 14 خواتین نشستیں ، خیبر پختونخوا سے 10 اور بلوچستان میں قومی اسمبلی کی چار خواتین کی نشستیں ہوں گی۔ سانگھڑ کی قومی اسمبلی کی نشستیں 3 سے کم ہوکر 2 رہ گئیں، کراچی سائوتھ میں قومی اسمبلی کی ایک نشست کا اضافہ ہوگیا، اس طرح کراچی سائوتھ کی نشستیں 2 سے بڑھ کر 3 ہوگئیں۔ پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 297 ہوگی۔ سندھ اسمبلی کی جنرل نشستیں 130 ہوں گی، خیبرپختونخوااسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 115 ہوگی، بلوچستان اسمبلی کی جنرل نشستیں 51 ہوں گی۔ خیرپور، سانگھڑ اور ٹھٹھہ کی ایک ایک صوبائی نشست کم ہوگئی جبکہ ملیر،کراچی ایسٹ اور کراچی سینٹرل میں ایک ایک صوبائی نشست میں اضافہ ہوگیا۔ خیرپور میں صوبائی اسمبلی کی نشستیں 7 سے کم ہوکر 6 ہوگئیں، سانگھڑ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 6 سے کم ہوکر 5 ہوگئیں، ٹھٹھہ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 3 سے کم ہوکر 2 ہوگئیں جبکہ ملیر کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 5 سے بڑھ کر 6 ہوگئیں۔ کراچی ایسٹ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 8 سے بڑھ کر 9 ہوگئیں۔ کراچی سینٹرل کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 8 سے بڑھ کر 9 ہوگئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں