محسن نقوی کارحیم یار خان،ڈی جی خان کا دورہ،لائیوسٹاک کی پیداوار بڑھانے کیلئے پلان طلب

محسن نقوی کارحیم یار خان،ڈی جی خان کا دورہ،لائیوسٹاک کی پیداوار بڑھانے کیلئے پلان طلب

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈیرہ غازی خان میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، وٹرنری ہسپتال اور لائیوسٹاک بزنس اینڈ انکوبیشن سینٹر کے دورے کئے ۔

ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی مکمل طور پر فعال کرنے اور ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ نے بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں پیداوار بڑھانے کیلئے لائیو سٹاک ایمرجنسی لگانے کا اعلان کیااور لائیوسٹاک کی پیداوار بڑھانے کے لئے پلان فوری طلب کرلیا۔محسن نقوی نے گیما کیمرہ، سی ٹی سکین اور ایم آر آئی روم کا معائنہ کیا۔ہسپتال کے کیفے ٹیریا، ویٹنگ ایریا اور سرائے کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کارڈیالوجی او پی ڈی کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے وٹرنری ہسپتال اور لائیوسٹاک بزنس اینڈ انکوبیشن سینٹر کا دورہ کیا اور الٹرا ساؤنڈ بلاک میں بکری کے الٹراساؤنڈ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔محسن نقوی نے بکری کے مالک سے ادارے میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔محسن نقوی نے ہسپتال میں موجود رجسٹر او ردیگر ریکارڈ بھی چیک کیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لائیوسٹاک کی پیداوار 10گنا بڑھانے کے لئے 7روز میں پائیدارحکمت عملی مرتب کی جائے ۔

متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں لائیوسٹاک کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے ۔ یو اے ای کے حالیہ دورے کے دوران لائیوسٹاک پراڈکٹ کی ایکسپورٹ کے بارے میں مذاکرات حوصلہ افزا رہے ۔ پنجاب میں لائیوسٹاک کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے اور بہترین ویکسین ادویات اورانجکشن وغیرہ بھی فراہم کئے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شیخ زید ہسپتال کے نئے کارڈیک سنٹر کامعائنہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شیخ زید ہسپتال کے کارڈیک سنٹر کی تعمیر پر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے سی سی یو سے آفس باہر شفٹ کرنے کاحکم دیا۔ محسن نقوی نے نرسنگ ہاسٹل کی اپ گریڈیشن کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے او پی ڈی، انکالوجی اوردیگر وارڈز کابھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر اعلیٰ نے مولانا محمد علی جوہر فلائی اوورز پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ مولانا محمد علی جوہر فلائی اوورز کو 10ماہ کی بجائے 7ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کر لیا گیا۔کنٹریکٹ کے مطابق منصوبے کی مدت تکمیل 10 ماہ مقررکی گئی۔رواں سال ہونے والی شدید بارشوں کے باوجود منصوبے کو مدت تکمیل سے پہلے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ۔

محسن نقوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومیہ تقریباً اڑھائی لاکھ گاڑیوں کوآمدورفت میں آسانی ہوگی۔ کالج روڈ کی ری ماڈلنگ کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ منصوبے میں تبدیلی کرکے قیمتی درختوں کو بچایا گیا ہے اورایک درخت بھی نہیں کاٹا گیا بلکہ 285 درختوں کو محفوظ بنایا گیا ہے ۔کالج روڈ پر کام شروع ہوچکا ہے ،آئندہ چنددنوں میں مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر پراجیکٹس وقت پر مکمل ہورہے ہیں،تو کریڈٹ صرف مجھے نہیں بلکہ ساری ٹیم کو جاتا ہے ۔ہمیں اخبار میں تصویریں چھپوانے کا شوق نہیں،اللہ کی رضا کیلئے یہ سب کررہے ہیں۔میر ایقین ہے کہ جب آپ محنت کرتے ہیں تو لوگوں کو محنت نظر آتی ہے ۔ہم میں سے کسی کوکریڈٹ نہیں چاہیے ،ہم میں سے کسی نے کوئی الیکشن نہیں لڑنا،نہ ووٹ مانگنا ہے ۔ہم کو ذاتی تشہیرکی کوئی خواہش نہیں ہے ،بس عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں۔آئندہ دنوں میں باقی جاری پراجیکٹس مکمل ہوجائیں گے ۔ دسمبر کے اختتام تک ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہوجائے گی۔وزیر اعلیٰ نے یو اے ای اور کویت کے دورے کے بعد لاہور واپسی کے فوری بعد رات گئے گھوڑا چوک فلائی اوور کا اچانک دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور فلائی اوور کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے بغیر اطلاع پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔رات کے وقت منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کی تعداد کم تھی جس پر وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ نائٹ شفٹ میں لیبر فورس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ منصوبہ وقت پر مکمل ہوسکے ۔محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کا حکم دے دیا ۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت رحیم یار خان ایئرپورٹ پر اہم اجلاس ہوا، جس میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ کچے کے علاقے میں کاشت فصلوں کی فوری کٹائی کی جائے تاکہ شرپسندوں کو چھپنے کی جگہ نہ ملے ۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں پولیس کے 3 کانسٹیبل شہید ہوئے جبکہ پولیس کی کارروائی میں 4 ڈاکو مارے گئے ۔قبل ازیں وزیر اعلی ٰپنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنز رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں سے مقابلہ کے دوران شہید ہونے والے کانسٹیبل غلام حسین کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔شہید کے والد سے ملاقات کی اورکہاکہ آپ کے بیٹے نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے ۔ پنجاب حکومت شہید کے خاندان کی ہر ممکن دیکھ بھال کرے گی۔محسن نقوی نے پولیس لائنز میں شہیدکانسٹیبل قاسم اورشہید ارشاد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیااور ان کے اہل خانہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب پولیس کے دلیر جوانوں پر ناز ہے ۔پنجاب پولیس کے افسروں اور جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی تاریخ رقم کی ہے ۔وزیر اعلیٰ کچے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی اہلکاروں کاحوصلہ بڑھانے کے لئے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان پہنچ گئے ۔زخمی کانسٹیبل نوید اختر، جمیل احمد، محمد عمران، عبد الرزاق، آصف علی او رمحمد سرور کی عیادت کی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کسان کی بھی عیادت کی۔ہر زخمی کے پاس گئے اور بات چیت کی۔ محسن نقوی نے کہاکہ کچے میں ڈاکوؤں سے مقابلہ کرنے والے پولیس افسر اوراہلکار حقیقی ہیرو ہیں۔ ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید اور زخمی ہونے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں