قوم کی حمایت سے پاکستان دشمنوں کی شکست دینگے:آرمی چیف

قوم کی حمایت سے پاکستان دشمنوں کی شکست دینگے:آرمی چیف

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا پاک فوج ہر قسم کی مشکلات کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہے ، افواج پاکستا ن کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کے خطرات کے خلاف دفاع پر مرکوز ہے اور قوم کی حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر،نے بہاولپور کور کی زمینی مشق کا مشاہدہ کرنے کے لئے خیرپور ٹامیوالی (کے پی ٹی) کا دورہ کیا اور مشق میں حصہ لینے والے دستوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔بری فوج کے سربراہ کو زمینی مشق کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے درکار مختلف درجوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار پر پیشہ وارانہ مہارت کو بڑھانا ہے ،آرمی چیف نے مختلف شعبوں کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں بشمول آرمر، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل (اے ٹی جی ایم) جو پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اور کمبیٹ ایوی ایشن کی طرف سے مکمل طور پر مستندہیں کا مشاہدہ کیا ۔بعد ازاںمشق میں حصہ لینے والے فوجی دستوں سے خطاب کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ نے تربیتی معیار، پیشہ وارانہ تیاریوں اور افسروں اور دستوں کے بلند حوصلے کو سراہا،بری فوج کے سربراہ نے فوجیوں کو ہدایت کی کہ وہ ہر حال میں روایتی جوش اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں،آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ ہم چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور قوم کی حمایت سے ہم پاکستان کے دشمنوں کے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کی مشکلات کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہے ، پاک فوج کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کو درپیش خطرات کو ناکام بنانے پر مرکوز ہے اور قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گی، ان شائاللہ، قبل ازیں خیر پور ٹامیوالی پہنچنے پر کور کمانڈر بہاولپور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں