نواز شریف نے سابق چیئرمین سے لاڈلے کا تاج چھین لیا ،پی پی

 نواز شریف نے سابق چیئرمین سے لاڈلے کا تاج چھین لیا ،پی پی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے لاڈ لا کا تاج چھین لیا،پی پی کی مرکزی رہنما سینیٹر پلوشہ خان مسلم لیگ(ن) کے اس دعوے پر کہ۔۔۔

 نواز شریف وزیراعظم بنیں گے تو مہنگائی پر کنٹرول کریں گے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ نواز شریف نے اپنے بھائی شہباز شریف کو مہنگائی پر کنٹرول کرنے کا نسخہ نہیں بتایا۔ مسلم لیگ(ن) وفاق اور پنجاب میں حکومت کے باوجود تمام ضمنی انتخابات ہار گئی بلکہ ضمانتیں بھی ضبط کروا دیں۔ پیپلزپارٹی نے ایک لاڈلے کو شکست دی اب دوسرے لاڈلے کو بھی شکست دے گی۔ سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سراج الحق کو چاہیے پیپلزپارٹی پر تنقید کرنے سے قبل اپنی جماعت کی تاریخ یاد کریں۔ انہوں نے سراج الحق سے سوال کیا کہ وہ اپنی جماعت کی طرف سے قائداعظم کے خلاف کفر کے فتوے اور پاکستان کے قیام کے خلاف بیان بازی پر معافی مانگیں گے ؟ ۔ سراج الحق سودی نظام کی ایسے ہی مخالفت کر رہے ہیں جیسے پرویز مشرف کے ایل ایف او کی مخالفت کر رہے تھے ۔ سراج الحق خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ رہے تو وہاں سودی نظام کو ختم کیوں نہیں کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں