بجلی مہنگی،گیس کی تیاریاں:اکتوبرکی فیول ایڈ جسٹمنٹ مد میں بجلی کی قیمت3.07روپےیونٹ بڑھائی گئی،دسمبر میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہونگی،نیپرانے نوٹیفکیشن جاری کردیا

بجلی مہنگی،گیس کی تیاریاں:اکتوبرکی فیول ایڈ جسٹمنٹ مد میں بجلی کی قیمت3.07روپےیونٹ بڑھائی گئی،دسمبر میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہونگی،نیپرانے نوٹیفکیشن جاری کردیا

اسلام آباد(نامہ نگار)نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 7 پیسے فی یونٹ اضافے کا اعلان کردیا جبکہ سوئی ناردرن نے اوگرا کو گیس مزید 137.62 فیصد مہنگی کرنے کی درخواست دیدی جس پر 11دسمبر کو سماعت ہوگی۔

 نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک کے سوا تمام صارفین پر ہو گا،بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 7 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے ، قیمتوں میں اضافہ اکتوبر کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے ، بجلی کے صارفین کو دسمبر میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہونگی، تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے 3 روپے 53پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا تھا ، نیپرا نے اس معاملے پر چند روز قبل سماعت کی تھی۔ دریں اثنا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے گیس1715 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی درخواست دی ہے جس پر اوگرا پیر 11دسمبر کو سماعت کرے گی،سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اضافہ یکم جولائی2023 سے مانگا ہے ،درخواست2023-24 کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے دائر کی گئی ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مالی سال2023-24 کیلئے 181 ارب51کروڑ60 لاکھ روپے کی کمی کاتخمینہ ہے ،گیس کی قیمت2961 روپے 98 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی جائے ۔ گیس کی موجودہ قیمت1246 روپے 49 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے ۔درخواست میں روپے کی قدر میں کمی کی مد میں 56 روپے 48 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ بقایا جات کی مد میں 1209 روپے 14 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ بھی اضافہ مانگا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں