نواز شریف کو سزا دینے والے جج نے گھر آکر معافی مانگی:رانا ثنا

 نواز شریف کو سزا دینے والے جج نے گھر آکر معافی مانگی:رانا ثنا

اسلام آباد (صباح نیوز)ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہاہے نواز شریف کو سزا دینے والے جج نے گھر آکر معافی مانگی، جج ارشدملک کو اسی بنا پر نوکری سے برخاست کر دیا گیا لیکن سزا بحال رکھی گئی۔

 ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نارووال میں پارٹی ارکان کے درمیان ناراضی ایک حلقے کی وجہ سے ہے جب ایک ٹکٹ پر 13، 13 امیدوار ہوں گے تو پھر چھوٹی موٹی ناراضی یا احتجاج تو ہو گا لیکن پارلیمانی بورڈ میرٹ پر حلقے میں ٹکٹ کافیصلہ کرے گا تو معاملہ حل ہو جائے گا۔سیاستدانوں کے بچوں کو ہی ٹکٹ دینے پر انہوں نے کہا سیاستدان کے بچے اگر سیاست میں دلچسپی لیں تو اس میں اچھنبے کی کیا بات ہے ، جب ایک ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر اور ایک انجینئر کا بیٹا انجینئر بن سکتا ہے تو سیاستدان کا بچہ سیاست میں کیوں نہیں آ سکتااور ہم نے تو صرف ٹکٹ دینا ہے ، جیت کا فیصلہ تو حلقے کے عوام نے کرنا ہے ۔ شاہد خاقان عباسی کی ناراضی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان نے کبھی ناراضی کا اظہار نہیں کیا البتہ بطور سیاسی کارکن اور رہنما ان کا موقف ہے کہ انہوں نے الیکشن میں حصہ نہیں لینا، پارٹی نے ان کو کسی معاملے میں پیچھے نہیں رکھا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا نواز شریف کی دوسری اپیل کی بھی سماعت کے لئے مقرر ہے میرا نہیں خیال اس میں ایک دو سے زیادہ دن لگیں،اس اپیل میں نواز شریف کو سزا ایک مذاق ہے سزا دینے والے جج نے باقاعدہ گھر آکر معافی مانگی اور کہا میں بہت دبا ؤمیں تھا یہ سزا ختم ہونے کے بعد نواز شریف پوری طرح الیکشن لڑنے کے اہل ہوں گے اور کامیابی کی صورت میں چوتھی بار وزیراعظم کا حلف بھی اٹھائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں