محسن نقوی کا پنجاب میں کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئےو زیراعظم سے رابطے کا فیصلہ

محسن نقوی کا پنجاب میں کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئےو زیراعظم سے رابطے کا فیصلہ

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،کرائم سیل، مانیٹرنگ ڈیسک )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے میں یوریا کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

محسن نقوی کی زیر صدارت گزشتہ روز خصوصی اجلاس میں گندم کی کاشت اوریوریاکی دستیابی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم کی فی من پیداوار کا ہدف یوریا کی کمی سے متاثر ہو سکتا ہے ۔ محسن نقوی نے اجلاس میں کمشنرز کوایپ پر متعلقہ اضلاع میں کھاد کی نقل وحمل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے یوریاکھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ترانتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں کھاد بنانے والی کمپنیوں اور ڈیلرز سے رابطہ کرنے کیساتھ ان کااجلاس بھی طلب کر لیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا پنجاب میں گندم کی فی من پیداوار کا ہدف یوریا کی کمی سے متاثر ہو سکتا ہے ۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر لاہور کو ڈسٹ فری شہر بنانے کے پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ،لاہور میں آلودگی میں کمیکیلئے 79روڈز کو ڈسٹ فری بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے جیل روڈ پر واشنگ کے عمل کا معائنہ کرتے ہدایت کی کہ ٹریفک میں روانی کیلئے دوپہر یا شام کو سڑکوں کو واش نہ کیا جائے ۔بعد ازاں محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگوکرتے کہا کہ سموگ کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے ،لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے ،امتحانات کی وجہ سے سکول بند نہیں کر سکتے ،سرما کی چھٹیاں 18دسمبر سے ہوں گی،بارش کا امکان تو نہیں تاہم اپنی سطح پر کوشش کررہے ہیں ،شہر میں مٹی دھول کم کرنے کے لئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی 79سڑکوں کوواش کرے گی، سعودیہ کی طرز پر ہفتے میں دو مرتبہ سڑکیں واش کی جائیں گی ۔

محسن نقوی نے کہا کہ مصنوعی بارش کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا،کام ہورہا ہے بارش کے لئے تھوڑے بہت بادل بھی چاہئیں،سائیکلنگ چھٹی والے دن ہو سکتی ہے ،گڑھی شاہو چوک پر ٹریفک ڈائی ورشن کا تجربہ کامیاب نہیں ہوا۔ لاہورکی 302سڑکوں کی تعمیرومرمت چند روز میں شروع ہو گی،45دن میں مکمل ہو گا۔الیکٹرک موٹر سائیکل کے استعمال سے پٹرول بھی بچے گا اور آلودگی بھی نہیں ہو گی۔ دریں اثنا محسن نقوی نے رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا 24گھنٹے میں دوسرا دورہ کیا۔ خدمت مرکز میں موجود شہریوں نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے سامنے لائسنس بنوانے کے لیے کئی کئی گھنٹے انتظار کرانے کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے ۔ محسن نقوی نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو موقع پر ہی فون کیا اورسسٹم بہتر بنانے اور ہنگامی طور پر ٹیم خدمت مرکز بھجوانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے موقع پر ہی اعلان کیا کہ لائسنس بنوانے کا ٹوکن رکھنے والے شہری کا آئندہ 3 روز چالان نہیں ہو گا۔ ادھر محسن نقوی سے گزشتہ روز عراق کے سفیر حامد عباس لفطا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراوردوطرفہ تعلقات بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا اورمذہبی سیاحت اور ثقافت کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔ لاہور میں سرمایہ کاری کیلئے فسیلیی ٹیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے ، بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے 106 این او سیز دو ہفتے میں جاری کئے جائیں گے ۔ ایسے سنٹرز راولپنڈی، ملتان، گوجرانولہ اور دیگر بڑے شہروں میں ایک ماہ میں فعال ہونگے ۔ دریں اثنانگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے مراکو میں تعینات پاکستانی سفیر سمیع ملک نے ملاقات کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں