سابق حکمرانوں نے ملک کا بیڑاغرق کیا،احتساب کرینگے :سراج الحق

 سابق حکمرانوں نے ملک کا بیڑاغرق کیا،احتساب کرینگے :سراج الحق

بہاولپور(خبرنگار،نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سابق حکمران جماعتوں ن لیگ،پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے ملک کا بیڑاغرق کیا،جماعت اسلامی ان کا احتساب کرے گی۔

غزہ کے 25 لاکھ ہماری بیٹیاں،مائیں اور بھائی امریکی،اسرائیلی بمبوں اور میزائلوں کی لگائی آگ میں جل رہے ، اب تک اسرائیلی بمباری سے 21 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے لیکن مسلم حکمران اپنی طاقتیں اپنے جہاز اوراسلحہ مسلمانوں کے تحفظ کیلئے استعمال نہیں کررہے ، ان سے کہتا ہوں آگے بڑھیں اور غزہ اور فلسطینی مسلمانوں کو بچانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ وہ بہاولپور ہاکی سٹیڈیم میں خواتین کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی خواتین ونگ کی مرکزی سیکرٹری جنرل حمیرا طارق،امیر جنوبی پنجاب راؤ ظفر، ذیشان اختر، نصراللہ ناصر، ملک کامران،ڈاکٹر ثمینہ و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں قرآن کا نظام چاہتی ہے ، حکومت ملی تو اس کتاب کے نور سے پاکستان کو منور کرینگے ، الیکشن میں خواتین ترازو کے نشان پر ٹھپہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پونے تین کروڑ بچے تعلیم سے محروم ، نوجوان بے روزگار ہیں،ہر پیدا ہونے والا بچہ آئی ایم ایف کا مقروض ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں