طورخم بارڈر پانچویں روز بھی تجارت کیلئے بند، پھل سبزیاں خراب

طورخم بارڈر پانچویں روز بھی تجارت کیلئے بند، پھل سبزیاں خراب

خیبر، لنڈی کوتل (نمائندہ دنیا، صباح نیوز) پاک افغان طورخم بارڈر پانچویں روز بھی تجارت کیلئے بند رہا، پھل اور سبزیاں خراب ہونے لگیں، ٹرکوں سے پانی بہنا شروع ہو گیا، پھلوں اور سبزیوں اور دیگر نازک خوراک والی اشیا کے ٹرک طورخم سے واپس پشاور موڑ دیئے گئے ۔

 بارڈر کی بندش کے حوالے سے پاک افغان بارڈر حکام کی ملاقاتیں بھی بے نتیجہ رہیں۔ سرحد کے دونوں طرف پھلوں اور سبزیوں سے بھری ہزاروں گاڑیاں کھڑی ہیں۔ طورخم بارڈر پر ٹرانسپورٹرز اور کسٹم کلیئرنس ایجنٹس نے ڈرائیورز پر ویزا شرط عائد کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ٹرانسپورٹرز کو طورخم بارڈر پر ہی سٹیکر ویزا دینے کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ صدر طورخم کسٹم کلیئرنس ایمل شینواری، صدر طورخم ٹرانسپورٹ یونین حاجی عظیم اور ٹرانسپورٹرز و ڈرائیورز نے دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام سے کہا 5 دنوں سے مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں، گاڑی مالکان، تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا۔ ویزا شرط سے ٹرانسپورٹرز اذیت میں مبتلا ہیں، ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کیلئے ویزا اور پاسپورٹ کی شرط میں رعایت اور نرمی کی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں