پرائیویٹ شعبےسے ملکر ہسپتالوں میں سہولیات کا بندوبست کرینگے:محسن نقوی

پرائیویٹ شعبےسے ملکر ہسپتالوں میں سہولیات کا بندوبست کرینگے:محسن نقوی

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے برڈ ورڈ روڈ پر محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئرکا دورہ کیا اور محکمہ صحت کے ایف ایم ریڈیو صحت زندگی کا افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ نے ایف ایم ریڈیو صحت زندگی کے سٹوڈیوز اورمختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

ایف ایم ریڈیو صحت زندگی کیلئے پیغام ریکارڈ کرایا۔محسن نقوی نے کہا کہ ایف ایم ریڈیو صحت زندگیکا اجرا قابل تحسین ہے ۔ ایف ایم ریڈیو صحت زندگی کے ذریعے عوام کوامراض سے بچاؤ اور علاج کیلئے آگاہی دی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے مختلف شعبوں کے ماہرین کو ایف ایم ریڈیو صحت زندگی پر مدعو کیا جائے اورعوام کو صحت کے حوالے سے آگاہی دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایم صحت زندگی شعبہ صحت میں مفید پراجیکٹ ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو انڈسٹری نیچے ضرور آئی ہے لیکن ایف ایم ریڈیو آج بھی سنا جاتا ہے ۔ایف ایم ریڈیو صحت زندگی کی نشریات لاہور میں تقریباً50کلو میٹر کے دائرہ کار میں سنی جا سکیں گی۔ایف ایم صحت زندگی کے پلیٹ فارم سے محکمہ صحت اپنی تمام آگاہی مہم کو موثر بنا سکتا ہے ۔سیکرٹری صحت نے کم وسائل کیساتھ بہترین پراجیکٹ لانچ کیا ہے ۔ایف ایم صحت زندگی کو صرف صحت سے متعلق پروگرامز پرہی فوکس کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں متعدد ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا ہے جبکہ بعض ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ،جو ہسپتال اپ گریڈ نہیں ہوئے وہ اگلے مرحلے میں کئے جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں عدم دستیاب سہولتیں مہیا کی ہیں۔پرائیویٹ سیکٹر کیساتھ مل کر نئے آپریشن تھیٹرز،ایم آر آئی مشین اور دیگر سہولتوں کا بندوبست کریں گے ۔وزیر اعلیٰ نے ایچ آر آئی ایم ایس، او آر آئی ایم اور ایچ آئی ڈی یو کا بھی افتتاح کیا۔ویڈیو لنک کیلئے خصوصی طورپر تیار کر دہ وین اور کوسٹر پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔ادھر وزیراعلیٰ نے مزار بی بی پاکدامن کو ایمپرس روڈ سے منسلک کرنے والی سڑک کی تعمیر کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیااور نئی سڑک کی تعمیر کے ساتھ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مخصوص جگہ کا معائنہ کیا۔ایمپرس روڈ سے مزار تک تعمیراتی سرگرمیوں اور راستے میں حائل عمارتوں کے سٹرکچر کو ہٹانے کے کام کا بھی معائنہ کیا۔محسن نقوی نے باقی ماندہ سٹرکچر کو جلد از جلد ہٹانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سٹرکچر ہٹانے کے ساتھ سڑک کی تعمیر کے کام کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایمپرس روڈ تک 20فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر سے زائرین کو مزار تک آسان رسائی حاصل ہو گی۔زائرین کی آسانی کیلئے گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے زیادہ گنجائش رکھی جارہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں