حادثات: 2 کمسن بہنوں سمیت 8 افراد جاں بحق، 11 زخمی

 حادثات: 2 کمسن بہنوں سمیت 8 افراد جاں بحق، 11 زخمی

لاہور،شیخوپورہ(سپیشل کرائم رپورٹر،نمائند گان دنیا)صوبائی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران 2 کمسن بہنوں سمیت 8 افراد جاں بحق، 11 زخمی ہوگئے، تمام زخمیوں کو متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، ٹرین تلے آکر بھی ایک شہری دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں نشتر کالونی رنگ روڈ آشیانہ انٹرچینج کے قریب تیز رفتار ٹرک ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر کار سے جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں 3 افراد 25 سالہ افضال، 26 سالہ محمود اور 28 سالہ فیاض جاں بحق ہو گئے جبکہ ماجد ،تنویر ،شہزاد اور اجمل شدید زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ادھر شیخوپورہ میں تھانہ مانانوالہ کے علاقہ کوٹ وارروڈ چندرنگر نہر کے قریب ریس لگاتی ٹریکٹر ٹرالی بیل گاڑی پر چڑھ گئی جس کے نتیجہ میں عدیل مسیح اور محمد حنیف دم توڑ گئے جبکہ ندیم مسیح اور عمران شدید زخمی ہو گئے ،مانانوالہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔علاوہ ازیں مرید کے کے رہائشی محمد عرفان کی بیوی اپنے بچوں کے ہمراہ میکے سے واپس رکشہ پر گھر آ رہی تھی کہ مریدکے شیخوپورہ روڈ پر واقع گاؤں کھنہ لبانہ سٹاپ کے قریب تیزر فتار ٹریکٹر ٹرالی نے رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں رکشہ سوار، 2کمسن بیٹیاں 4سالہ فضہ عرفان اور 6سالہ حرا عرفان موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ عرفان کی اہلیہ اور 10سالہ بیٹی ایمان عرفان ،رکشہ ڈرائیور سمیت 5افراد شدید زخمی ہو گئے ، بعدازاں ہسپتال لے جاتے ہوئے رکشہ ڈرائیور بھی چل بسا، تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ حادثہ کے بعد ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو گیا، تھانہ صدر پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی۔دریں اثنا کوٹ رادھاکشن کے نواح دوانی مرلہ میں ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے ٹرین تلے آکر رفیق ولد لیاقت مسیح زندگی کی بازی ہار گیا، ریلوے پولیس مصروف کارروائی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں