توڑنا ، تباہ کرنا آسان، ہیرو امن قائم کرتے ہیں:چیف جسٹس

توڑنا ، تباہ کرنا آسان، ہیرو امن قائم کرتے ہیں:چیف جسٹس

لاہور (کورٹ رپورٹر )چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہے کہ توڑنا اور تباہ کرنا آسان ہے ، ہیرو وہی ہوتے ہیں جو امن قائم کرتے ہیں اور تعمیر کرتے ہیں،یہ آپ پر ہے تعمیر کرنیوالے بنیں یا تباہ کرنیوالے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آئی ایم آر ایف کے زیر اہتمام آئین پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور ریاست پاکستان کی ذمہ داری کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں کیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ ٹکڑوں کو جوڑیں اور نئے سرے سے خوبصورت قوم کو درست سمت میں ڈال کر پاکستان کی تعمیر کریں،اقلیتوں نے ہمیشہ پاکستان کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا ، ان کو برابری کے حقوق اور تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ،جسٹس کارنیلیئس نے ہمارے لیگل سسٹم کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کیا،پاکستان کی تخلیق ایک سیکولر سٹیٹ کے طور پر ہوئی ۔چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے مزید کہا کہ قائد اعظم ؒنے فرمایا تھا کہ پاکستان میں اقلیتیں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں آزاد ہیں، یہاں اقلیتوں کو پوری آزاد ی ملنی چاہیے تھی لیکن افسوس یہاں سیاسی حالات کی وجہ سے ہم سب کچھ بھول گئے ،انیل دلپت اور دانش کنیریا جیسے کرکٹروں کا ہماری کرکٹ میں ایک اہم مقام ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں