کچھ لیگی نہیں چاہتے نواز شریف وزیراعظم بنیں:آصف کرمانی

 کچھ لیگی نہیں چاہتے نواز شریف وزیراعظم بنیں:آصف کرمانی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی)مسلم لیگ (ن )کے سینیٹر آصف کرمانی نے کہاہے کہ پارٹی کے کچھ لوگ نہیں چاہتے تھے نواز شریف وزیراعظم بنیں ،یہ وہی لوگ ہیں جولندن جاتے تھے۔

شہباز شریف سے زیادہ مطمئن ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ایکسٹینشن پر نوازشریف کو بے بس کیا تھا، قمرجاوید باجوہ کو ایکسٹینشن کے ووٹ کا نتیجہ انتخابات میں ملا ، ساری جماعت کیلئے سوچنے کا لمحہ ہے بھاری مینڈیٹ لینے والا نواز شریف آج کہاں ہے ،میں نے ووٹ کاسٹ کرتے دیکھا لوگوں نے روایتی سیاست کیخلاف بغاوت کی، اسی اشرافیہ کیخلاف مڈل کلاس کی یوتھ نے ووٹ کے ذریعے بغاوت کی ہے ۔ایک ٹی وی انٹرویو میں سینیٹر آصف کرمانی نے مزید کہا کہ میں گواہ ہوں نوازشریف نے کبھی جان بوجھ کر خود سے لڑائی نہیں لی، جے آئی ٹی چل رہی تھی تو نواز شریف نے اہم وزرا کو کہا مجھے استعفیٰ دیناچاہیے ، اس وقت وزرا میں سے کسی نے نواز شریف کے فیصلے کی حمایت نہیں کی، کسی نے کہا میرا فلاں منصوبہ رہتا اور کسی نے کہا میرے جہاز آرہے ہیں ۔ آصف کرمانی نے کہا کہ پاناما کے وقت کا بیانیہ اور تقریریں عرفان صدیقی ہی لکھ کر دیتے تھے ، خلائی مخلوق اورووٹ کو عزت دو وغیرہ عرفان صدیقی ہی کے الفاظ تھے ،اللہ کرے بیانیہ تبدیل کرانیوالوں کو شیروانیاں پہننا بھی نصیب ہوں، شہباز شریف اور چودھری نثار کی خفیہ ملاقاتوں کا نواز شریف کو علم نہیں ہوتاتھا، نواز شریف نے شہبازشریف سے شکوہ کیا آپ ملاقات کیلئے رات کو کیوں جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا لیڈر نواز شریف تھا، ہے اور رہے گا،پہلے نہیں لگتا تھا لیکن اب یقین ہے ایک گروپ نے مجھے سائیڈلائن کیا ،مجھے سائیڈ لائن کرنیوالے الیکشن میں اپنے ہی گڑھے میں گرگئے ،باقی بھی گریں گے ، اگرمیں ن لیگ میں نہ رہا تو کچھ دیر کے لیے بریک لیکر گھررہنا پسند کروں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں