چیف جسٹس کو دھمکیاں دینے والا گرفتار ،سوشل میڈیا کمپنیاں پر اپیگنڈا روکیں:نگران وزیراطلاعات

چیف جسٹس کو دھمکیاں دینے والا گرفتار ،سوشل میڈیا کمپنیاں پر اپیگنڈا روکیں:نگران وزیراطلاعات

راولپنڈی ،اسلا م آباد،لاہور(دنیا نیوز،نامہ نگار،صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز مہم چلانے والے ملزم عبد الواسع کو گرفتار کرلیا گیا،عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے سائبرکرائم راولپنڈی کے حوالے کر دیا۔

مجسٹریٹ عدیل سرور سال کی عدالت سے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی،ذرائع کے مطابق عبدالواسع نامی شخص راولپنڈی کا رہائشی ہے ، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر چیف جسٹس کو دھمکیاں دیں اور کردار کشی کی، سوشل میڈیا مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا، چیف جسٹس کیخلاف سوشل میڈیا مہم کے دیگر کرداروں کی شناخت کا عمل جاری ہے ، باقی ملوث افراد کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔دوسری طرف معروف یوٹیوبرعمران ریاض خان کو مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ۔پولیس نے عمران ریاض کو ان کے گھر سے گرفتار کیا۔ ادھراعلیٰ عدلیہ اور ججز کیخلاف نفرت انگیز مہم چلانے پر ایف آئی اے کرائم ونگ لاہور نے یوٹیوبر اسدطور کو آج جمعہ کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ۔دوسری طرف نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہے ، ملک میں لاقانونیت اور انارکی پھیلنے نہیں دی جائے گی، کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تشدد پر اکسانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں، پاکستان کسی بھی صورت اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں بے بنیاد، جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلائیں، ان پلیٹ فارمز کی طرف سے اس عمل کو نہ روکا گیا تو ریاست کو سخت اقدامات اٹھانا پڑیں گے ۔

آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی آزادی لا محدود نہیں بلکہ قانون کے تابع ہے ، اس کے تحت عدلیہ، مسلح افواج اور برادر ممالک کے خلاف تضحیک آمیز گفتگو کی اجازت نہیں،حکومت ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس، یو ٹیوب، فیس بک کو پروپیگنڈا، جھوٹ، سرکاری افسران کی کردار کشی اور ہراساں کرنے کے لئے مسلسل استعمال کیا جاتا رہا ہے ، متعلقہ کمپنیوں کو اس عمل کو کنٹرول کرنا ہوگا،کسی بھی صورت اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی یہ پلیٹ فارمز پاکستان میں بے بنیاد، جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلائیں، ان پلیٹ فارمز کی طرف سے اس عمل کو نہ روکا گیا تو ریاست کو سخت اقدامات اٹھانا پڑیں گے ۔عدلیہ کے کسی بھی فیصلے کے خلاف قانونی نظرثانی کے ذرائع موجود ہیں، کسی کو شکایت ہے تو اس کے لئے نظرثانی کی درخواست دی جا سکتی ہے ،پاکستان میں رہنے والے تمام غیر ملکیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ محفوظ ہیں اور ان کی سلامتی کو حکومت پاکستان یقینی بنائے گی۔ حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کسی کو تحریف قرآن کی کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، حکومت پنجاب سے گزارش ہے وہ سپریم کورٹ میں6 فروری کو ہونے والے فیصلے میں ابہام کو دور کرنے کے لئے نظر ثانی کی اپیل دائر کرے یا سپریم کورٹ کی طرف سے اس کی وضاحت کردی جائے تا کہ انتشار پھیلانے والے کامیاب نہ ہو سکیں۔ پاکستان کے اندر رہنے والوں کی مذہبی آزاد ی آئین نے طے کر دی ،یہ قانونی معاملہ ہے ، متعلقہ وکلا اور لوگ ہم سے رابطے میں ہیں ، تمام امور عدالتوں کے اندر جائیں گے ، اس پر سیاست سب سے بڑا جرم ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں