آئی ایم ایف کو خط لکھنا ریاست کو دھمکی بانی پی ٹی آئی جمہوریت ڈی ریل کرنا چاہتے:پیپلز پارٹی ن لیگ

آئی ایم ایف کو خط لکھنا ریاست کو دھمکی بانی پی ٹی آئی جمہوریت ڈی ریل کرنا چاہتے:پیپلز پارٹی ن لیگ

لاہور (نیوز ایجنسیاں )بانی تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا مقصد بیرونی مداخلت کو شامل کرنا ہے ۔

ٹی وی کو ردعمل دیتے ہوئے عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ ایک قیدی کی حیثیت سے آپ آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے ؟ ان کے مذموم مقاصدکے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے ، آئی ایم  ایف کو خط لکھنے کا مقصد بیرونی مداخلت کو شامل کرنا ہے ۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جو سیٹیں ملیں کیا وہاں دھاندلی نہیں ہوئی، ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانیکی کوشش کی جا رہی ہے ، یہ لوگ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے پہلے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی کوشش کی۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو چند سیٹوں پر کامیابی ملی، یہ ملک میں انتشار چاہتے ہیں، ملک میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائیگی، ہم نے ملک کی معیشت بہتر کرنی ہے اور بے روزگاری ختم کرنی ہے ۔پی پی رہنما شرجیل میمن نے تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا تو یہ ریاست کو دھمکی ہو گی۔بیان میں کہا کہ انہوں نے پہلے بھی آئی ایم ایف کے حوالے سے سیاست کی یہ لوگ ریاست کو تھریٹ کر رہے ہیں یہ ملک کے مستقبل سے کھیلنا چاہ رہے ہیں جوشرمناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ شرمناک حرکت ملک میں پہلے کسی نے نہیں کی اس سے زیادہ افسوسناک بات کبھی بھی نہیں ہوسکتی آپ پورے ملک کو مزید مسائل میں ڈال رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے وزیرخزانہ نے پہلے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھے تھے یہ ملک کے بچوں کے مستقبل سے کھیلنا چاہ رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں