چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی کو کام جاری رکھنے کی ہدایات

چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی کو کام جاری رکھنے کی ہدایات

لاہور(محمد حسن رضا سے)نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے بیوروکریسی سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا، ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو کام جاری رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔۔۔

 جبکہ دو سے چار ماہتک کام کو دیکھتے ہوئے کوئی فیصلہ لیا جا سکتا ہے ، جبکہ ایسے ہی پنجاب کے اہم سیکرٹریز، بعض کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو بھی دو سے چار ماہ تک تبدیل نہ کئے جانے کا فیصلہ ہواہے ، ذرائع نے بتایا کہ مریم نوازشریف کو دی جانیوالی بریفنگ میں محکموں سے متعلق مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا، جس پر مریم نوازشریف نے انتہائی پرسکون اور مثبت انداز سے سیکرٹریز سے کئی کئی گھنٹو ں پر مشتمل بریفنگ لی، مریم نواز نے بیوروکریسی کو بتایا کہ عوام کی فلاح کے لئے بھر پور کام کرنا ہیں اور بیوروکریسی سب کام کر سکتی ہے ، انہوں نے جان لگاکر خدمت سمجھ کر نوکری کرنی ہے ، ذرائع کا دعوی ٰہے کہ ایک اہم میٹنگ میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی جانب سے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز گروپ سے تعلق رکھنے والے گریڈ 22 کے آفیسر سید علی مرتضیٰ کو چیف سیکرٹری پنجاب کے لئے زیر غور لایا گیا ، ایک روز قبل ایک اہم ملاقات میں بیوروکریسی سے متعلق بھی کچھ معاملات زیر غور آئے ، جس پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ دو سے چار ماہ تک افسروں کی کارکردگی کو دیکھ کر فیصلے لئے جائیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نامزد وزیراعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کی جانب سے پنجاب کی بیوروکریسی کو ساتھ لیکر چلنے پر اتفاق کیا ہے ، اور اہم افسروں کی جانب سے بھی بتایا گیا کہ مریم نوازشریف سے کچھ اہم ملاقاتیں ہوئیں، بریفنگ ہوئیں، جس طرح مریم نوازشریف نے مکمل اعتماد دیا اور ہماری بات سنی، ان کے ساتھ بھر پور طریقے سے کام کرنے کو تیار ہیں۔ ایک آفیسر نے بتایا کہ مریم نواز نے ہمارے محکموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی، سوالات کئے جوابات دئیے ، اور اپنا ویژن بھی سامنے رکھا، جس پر ہم نے کام شروع کردیا ہے ، مریم نواز بریفنگ میں اپنے پاس لیٹر پیڈ لیکر بیٹھتی ہیں اور مکمل پوائنٹس کو نوٹ کرتی ہیں، پھر اس پر مکمل ڈسکشن کرتی ہیں، اور کچھ اہم فیصلے بھی لے لئے گئے ہیں،پنجاب کے ایک سینئر ترین آفیسر نے کہا کہ نامزد وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز سے ابھی کی چند ملاقاتوں میں ایسے لگا کہ وہ پنجاب میں ایک بہترین ایڈمنسٹریٹروزیراعلیٰ کے طورپر سامنے آئیں گی۔ اور وہ کام کرنے کا بھر پور جذبہ رکھتی ہیں، امید ہے ساری بیوروکریسی ان کے ساتھ بھر پور طریقے سے کام کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں