صنم جاوید ،عالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

 صنم جاوید ،عالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

لاہور ( کورٹ رپورٹر ،اے پی پی)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے واقعات میں تھانہ شادمان کو نذر آتش کرنے اور جلاؤ گھیرا ؤکے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی۔

 عدالت نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو 11 مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔پی ٹی آئی راہنما عالیہ حمزہ کے مخصوص نسشت پرکاغذات نامزدگی پر دستخط کروانے کیلئے درخواست عدالت نے واپس لینے کی بنا پر نمٹا دی۔ درخواست گزار کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی۔ وکیل درخواست گزار کا موقف تھا کہ درخواست کو واپس لینا چاہتا ہوں عالیہ حمزہ کے دستخط ہوگئے ہیں، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے سماعت کی۔ سوموار کو سماعت پر پولیس نے دونوں ملزم خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔پولیس نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی ،عدالت نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی حاضری لگانے کے بعد دونوں کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید چودہ روز کی توسیع کرتے ہوئے جیل بھیج دیا اور جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ایم پی اے احمر رشید بھٹی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ پیر کو سماعت پر پولیس نے گرفتار ملزم احمر رشید بھٹی کو عدالت کے روبرو پیش کیا اور عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کی شناخت ہو چکی ہے ، ملزم جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث ہے لہذا مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔ملزم کے وکیل نے کہا کہ ان کا موکل کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی میں ملوث نہیں اور ان کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں لہذا عدالت جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرے اور ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں