میرٹ کی خلاف ورزی کرونگی نہ ہونے دونگی،سیاسی بھرتی بھی نہیں ہوگی:مریم نواز

میرٹ کی خلاف ورزی کرونگی نہ ہونے دونگی،سیاسی بھرتی بھی نہیں ہوگی:مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے خدمت کے جذبے سے سر شار،دیانتدار افسروں کو سلیوٹ کرتی ہوں۔میرٹ کی خلاف ورزی نہ کروں گی نہ ہونے دوں گی۔کوئی سیاسی بھرتی بھی نہیں ہوگی۔

مالیاتی امور میں شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں افسروں سے خطا ب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا عوام کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہونی چاہئے ۔انہوں نے ہدایت کی ڈینگی اور پولیو سے بچاؤ پر توجہ دی جائے اور صحت اور دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا افسر اور ملازمین میری ٹیم ہیں،کام کرنے والوں کو سپورٹ کیا جائے گا۔ عوام کی خدمت مشن کی تکمیل کے لئے اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ احتساب،شفافیت،کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں۔ کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں، عوام کے مسائل کا فوری حل چاہئے ۔ادارہ جاتی تنظیمی اصلاحات کرنا ہونگی،جڑ تک پہنچ کر مسائل ختم کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ کوچیف سیکرٹری زاہد زمان اختر،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری صحت اورسیکرٹری خزانہ نے محکموں کے افعال کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بعدازاں مریم نواز نے پنجاب سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور سول سیکرٹریٹ کی تاریخی اور قدیمی حالت میں بحالی پراجیکٹ کو سراہا۔ میوزیم کا افتتاح بھی کیا۔پرویز رشید، مریم اورنگزیب، عظمٰی بخاری، ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری،آئی جی اورسیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ کے محفوظ پنجاب ویژن پر عملدرآمد شروع،پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ 31دسمبر تک تمام اضلاع میں سمارٹ ڈسٹرکٹ سیف سٹی پراجیکٹ لانچ کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے خواتین کے تحفظ کے لئے اپ گریڈڈوویمن سیفٹی ایپ لانچ کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا ایپ 2ہفتے کے اندر فنکشنل کی جائے ، ایپ 43سروسز ایک کلک پر میسر ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی خواتین پولیس کمیونیکیشن آفیسرز کے لئے ہاسٹل بنانے کا اعلان کیا۔جرائم کے بروقت سد باب کے لئے سیف سٹی کرائم سٹاپر ایپ،ٹرائل رن شروع کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کرائم سٹاپر کے ذریعے دہشت گردی،زیادتی،منشیات،اسلحہ کی نمائش اور دیگر جرائم رپورٹ کئے جا سکیں گے ۔ہیلمٹ،سیٹ بیلٹ اور اسلحے کی نمائش روکنے کے لئے آرٹیفشل انٹیلی جنس بیسڈ سافٹ وئیر بھی تیار،سیف سٹی اتھارٹی کیمروں کے ذریعے تجاوزات کی نشاندہی بھی ممکن ہو گی۔مریم نواز نے سیف سٹی اتھارٹی ڈیٹا سنٹر اور ڈیجیٹل وال کا معائنہ ، 15کال سنٹر کابھی دورہ کیا۔ لیڈی پولیس کمیونیکیشن آفیسر زسے ڈیسک پرجا کر بات چیت کی۔وزیراعلیٰ نے سیف سٹی مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا اورتونسہ کی فیکٹر ی میں چوری کی کال پر رسپانس کا جائزہ لیا۔ 15پر کال کرکے پولیس رسپانس اور ٹائم بھی چیک کیا۔وزیر اعلیٰ کے صاف ستھرا پنجاب ویژن پر عملدرآمد کا بھی آغازکر دیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے ارکان اسمبلی سے تجاویز طلب کر لیں اور صوبہ بھر میں گلیوں کی مرمت کے پراجیکٹ کا اعلان کیا۔مریم نواز نے دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج ،شہروں اور دیہات کے محلوں کی چھوٹی سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کے لئے فوری پلان بھی طلب کر لیا۔انہوں نے کہا کہ ہر حلقے کو ترقیاتی پراجیکٹ کے لحاظ سے ماڈل حلقہ بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے شیخوپورہ اور قصور کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ انہوں نے ارکان کو پراجیکٹ کیلئے تحریری ڈیمانڈ دینے کی ہدایت کی ۔ملاقات کرنے والوں میں رانا محمداقبال،محمداشرف رسول،چودھری محمد الیاس ،محمد نعیم صفدر،ملک احمد سعید ،احسن رضا ،محمود انور،رانا سکندر حیات شامل تھے ۔مریم نواز کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں مقیم مستحق افراد کا ڈیٹا بینک تیار کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مستند ڈیٹا بینک کیلئے پراونشل سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا غریب آدمی کو اس کا حق اسی کی دہلیز پر ملنا چاہئے ۔سیاست نہیں، بس عوام کی خدمت ہی مشن ہے ۔ مریم نواز نے متہ کاٹلنگ میں شہید ایس پی اعجاز خان شیرپاؤ کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا ہے کہ اعجاز خان شیرپاؤ کی شہادت پر بے حد دکھ ہے ، اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں