توانائی شعبے کا مجموعی گردشی قرضہ 4700 ارب :وزیر توانائی

توانائی شعبے کا مجموعی گردشی قرضہ 4700 ارب :وزیر توانائی

اسلام آباد(آئی این پی،اے پی پی )نگران وفاقی وزیرِ توانائی محمد علی نے کہا کہ توانائی شعبے کا مجموعی گردشی قرضہ 4700 ارب روپے ہے ، پٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ 2300 ارب روپے اور پاور سیکٹر کا 2400 ارب روپے ہے ۔

نئی گیس فیلڈز سے یومیہ 40 کروڑ مکعب فٹ گیس کی پیداوار متوقع ہے جبکہ سسٹم میں 44 کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس موجود ہے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا سالانہ پٹرولیم گروپ کا درآمدی بل ساڑھے 17 ارب ڈالرز ہے ، مقامی توانائی کے وسائل نہ بڑھائے تو درآمدی بل بہت بڑھ جائے گا،مقامی آئل ریفائنریز سے پیداوار بڑھے گی۔ مقامی ریفائنریز کی اپ گریڈیشن سے ساڑھے 6 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن اور تاپی پائپ لائن سے بھی گیس کی فراہمی بڑھے گی، پہلے مرحلے میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن 80 کلو میٹر تک بنائیں گے ، گوادر سے ایران سرحد تک پائپ لائن ایک سال میں بنے گی۔علاوہ ازیں پاکستان اور ترکمانستان نے تاپی منصوبے پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ نگران وزیر توانائی محمد علی سے ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں