مخصوص نشستیں،الیکشن کمیشن کا فیصلہ کیا نیابحران جنم دیگا؟

مخصوص نشستیں،الیکشن کمیشن کا فیصلہ کیا نیابحران جنم دیگا؟

(تجزیہ: سلمان غنی) قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے حوالہ سے گومگوں کی کیفیت طاری ہے ۔

 صدر مملکت آئین پاکستان کی بنا پر ہائوس مکمل ہونے تک اجلاس بلانے کو تیار نہیں ، پہلی دفعہ دیکھنے میں آ رہا ہے کہ صدر مملکت تکنیکی بنیادوں پر ایسے معاملات اٹھا رہے ہیں جو حکومتوں اور بننے والی حکومتوں کو پریشان کئے ہوئے ہیں ،بڑا سوال یہی ہے کہ آخر صدر مملکت جاتے جاتے کیونکر معاملات میں ٹانگ اٹکاتے نظر آ رہے ہیں  اور ان کی جانب سے اٹھائے جانے والے آئینی نکات کیا ان کے مفادات پورے کر سکیں گے فی الحال ایسا نظر نہیں آ رہا البتہ یہ ضرور ہے کہ صدر مملکت آئینی کردار کے بجائے خود اپنی قیادت کے ہاں سرخرو ہونا چاہتے ہیں کیونکہ تحریک انصاف اب سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے اپنی مخصوص نشستوں پر اپنے اراکین کی نامزدگیاں چاہتی ہے اور یہ آپشن الیکشن کمیشن کے پاس ہے اور دیکھنا یہ ہوگا کہ الیکشن کمیشن اس مسئلہ کو اب تک کیونکر حل نہیں کر پا رہا اور کیا آج اس کی جانب سے اس پر حتمی فیصلہ سامنے آ جائے گا الیکشن کمیشن کی سطح پر جاری معاملات سے تو ایسا لگتا ہے کہ اس کے فیصلہ سے سنی اتحاد کیلئے کوئی خاص امید نہیں اس کی وجہ یہ ظاہر کی جا رہی ہے کہ نہ تو سنی اتحاد کی خواتین اور اقلیتوں کی فہرستیں ان کے پاس ہیں اور نہ ہی سنی اتحاد کونسل بطور پارلیمانی پارٹی کے اس کے پاس ریکارڈ ہے کیونکہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ بھی بطور آزاد امیدوار جیت کر ایوان میں آئے ہیں اور اب سنی اتحاد کونسل کے حق میں فیصلہ کے تحت نہ صرف سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی قوت میں اضافہ ہوگا بلکہ اس عمل کے ذریعہ وہ ایسی خواتین کو ایوانوں میں لانے میں کامیاب ہو جائے گی جو ایوانوں کے ا ندر اور باہر ایک نئی کیفیت اور غیر معمولی صورتحال طاری کر سکیں لیکن مذکورہ عمل سے خود الیکشن کمیشن کے کردار کے آگے بہت بڑا سوالیہ نشان کھڑا ہوگا پہلے ہی انتخابی عمل اور اس کے نتائج نے سیاسی محاذ پر ایک نئی کیفیت طاری کر رکھی ہے اور الیکشن کی ساکھ کے سوال پر حکومتوں کو آنے والے حالات میں غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا اور الیکشن کمیشن کا ممکنہ فیصلہ ایک نئے بحران کو جنم دے گا ۔بالآخر یہ معاملہ عدالت عظمیٰ میں جائے گا اور عدالت عظمیٰ کا اس حوالہ سے آنے والا فیصلہ حتمی ہوگا لیکن عدالتی فیصلہ تک یہ نکتہ تو کھڑا نظر آئے گا کہ ایوان نامکمل ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں