بلوچ لاپتا طلبا کیس:وزیر اعظم،وزیر داخلہ ہائی کورٹ پیش،معاملہ آئندہ پارلیمنٹ دیکھے گی:کاکڑ

بلوچ لاپتا طلبا کیس:وزیر اعظم،وزیر داخلہ ہائی کورٹ پیش،معاملہ آئندہ پارلیمنٹ دیکھے گی:کاکڑ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بلوچ لا پتا طلبا کیس میں عدالتی احکامات کی تعمیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے سی ٹی ڈی کی تحویل میں موجود افراد کیخلاف مقدمات کی تفصیلات پیٹشنر کو فراہم کرنے کی ہدایت کی، نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز،سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی،آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصرخان اور دیگر عدالت پیش ہوئے ، دوران سماعت اٹارنی جنرل منصور اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ4طلباء کو ٹریس کرنا باقی ہے ، اس موقع پر درخواست گزار وکیل ایمان مزاری نے کہاکہ میری اطلاع کے مطابق 9 طلباء مسنگ ہیں ،عدالت نے نگران وزیر اعظم سے کہاکہ کیا آپ نے ریکارڈ دیکھا ہے آج 26 ویں سماعت ہے ،ہم صرف بلوچ طلباء کی حد تک کیس دیکھ رہے ہیں، کیس چلا ہے تو کچھ لوگ گھر آگئے ،ادارے قانون سے بالاتر نہیں ہیں ،آپ نے عدالت میں پیش ہوکر ثابت کیا کہ آپ بھی قانون کو جواب دہ ہیں،عدالت نے کہا کہ جبری گمشدگی بالکل ایک مختلف معاملہ ہے ،نگران وزیر اعظم نے کہاکہ ہم آئین کے اندر رہ کر کام کررہے ہیں،میں قانون کے مطابق جواب دہ ہوں،آپ نے ہمیں بلایا ہم آگئے ، ہم بلوچستان میں مسلح شورش کا سامنا کررہے ہیں، ہمارے بلوچستان کے ایک سا بق چیف جسٹس کو ان مسلح جتھوں نے شہید کیا ،ایسا نہیں کہ خود کش حملہ آور نیک نامی کا باعث بنتے ہیں،پیرا ملٹری فورسز، کاؤنٹر ٹیرارزم کے اداروں پر الزامات لگائے جاتے ہیں،میں صرف لا پتا افراد کے حوالے سے وضاحت کر رہا ہوں۔

لا پتا افراد کا پوچھیں تویہ 5ہزار نام دے دیتے ہیں،یہ خود بھی اس ایشو کو حل نہیں کرنا چاہتے ،ان کی وجہ سے پوری ریاست کو مجرم تصور کرنا درست نہیں، نگرن وزیراعظم نے کہاکہ 20 سال سے لڑائی چل رہی ہے ،آئندہ پارلیمنٹ آئے گی وہ یہ معاملہ دیکھے گی ، جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ کسی نان سٹیک ایکٹر کو کوئی عدالت بھی تحفظ نہیں دے رہی ، اس بات کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے ، 59 لوگوں میں سے صرف 8 لوگ رہ گئے ہیں۔ اس موقع پر نگران وزیراعظم نے کہاکہ میں ایمان مزاری کے دلائل سے اختلاف کرتا ہوں،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت ملتوی کردی ۔ عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ جبری گمشدگی کے نام ریاست پر لگنے والے الزامات کا دفاع کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں