ایران گیس پائپ لائن پاکستان کیلئے اہم،کوئی ملک ہدایات نہیں دے سکتا:دفتر خارجہ

ایران گیس پائپ لائن پاکستان کیلئے اہم،کوئی ملک ہدایات نہیں دے سکتا:دفتر خارجہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کے لئے اہم ہے ،کوئی بھی ملک پاکستان کو ہدایات نہیں دے سکتا، پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔

 پاکستان آئی پی منصوبے کو اہم سمجھتا ہے اور توانائی کا حصول ترجیحات میں ہے ، تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا معاملہ وزیر اعظم آفس دیکھ رہا  ہے ۔ صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا پاکستان اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں فلسطین میں خوراک کی فراہمی میں مصروف فلسطینیوں کے قتل عام کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ عالم دنیا نوٹس لے ۔ پاکستان بھارت کی جانب سے مسلم کانفرنس جموں و کشمیر کے دھڑوں پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتا ہے ۔ بھارت فوری طور پر کشمیری جماعتوَں سے پابندیاں اٹھائے ۔ترجمان نے کہا کہ توانائی کمیٹی نے پہلے مرحلے میں پاکستان میں 80 کلومیٹر پائپ لائن کی تعمیر کی منظوری دی ابھی تک آئی پی میں کسی تیسرے ملک کی شمولیت کا علم نہیں ۔پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے ، ہم پاکستان کے اندرونی معاملات میں آزادانہ فیصلے کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکی محکمہ انصاف کی رپورٹس دیکھی ہیں امریکا کی جانب سے حوثیوں کو ایرانی اسلحہ یمن سمگلنگ کے الزام میں گرفتار باشندوں کی شہریت کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی ہم نے ان کی شناخت کی تصدیق کے لئے امریکا سے قونصلر رسائی مانگی ہے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے اندر آئینی و قانونی میکنزم موجود ہیں، الیکشن یا دیگر مسائل پاکستان خود حل کر سکتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں