نظام صحت اصلاحات کا5سالہ پلان منظور،مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائینگے:مریم

نظام صحت اصلاحات کا5سالہ پلان منظور،مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائینگے:مریم

لاہور(سٹاف رپورٹر، کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے نظام صحت میں مرحلہ وار اصلاحات اورہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے 5سالہ پلان کی منظوری دے دی،مریم نواز نے کہا غریب آدمی کو کینسر کے علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے خصوصی ہسپتال قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل خصوصی اجلاس ہوا جس میں ،دیہی اور رورل مراکز صحت، ڈسپنسریوں کے انتظام کی بہتری کیلئے تجاویز،ماں اور بچے کی صحت اور ان کے لئے معیاری علاج سے متعلق امور کا جائزہ لیاگیا،مریم نواز نے ہدایت کی کہ کوئی ہسپتال ایسا نہ ہو جہاں ڈاکٹر، عملہ ادویات اور مطلوبہ طبی آلات میسر نہ ہوں،انہوں نے شفافیت یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ ایڈوائزری کونسل تشکیل دینے کا حکم دیا جس میں سرکاری حکام،پروفیشنلز اور عوامی نمائندے شامل ہوں گے ،مریم نواز نے بی ایچ یو اور آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن اور تعمیر وبحالی کا پلان طلب کر لیا، بیرونی اور اندرونی ڈیزائن یکساں رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہاسیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو 2ہفتے میں بی ایچ یو اور آر ایچ سی کے موک ڈیزائن پیش کریں،وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں عوام کی رہنمائی کے لئے اردو سائن بورڈز اور فرشی ایرو لائننگ لگانے کی ہدایت کی اورعوام کو مفت ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی منظوری بھی دے دی،ہر ضلع میں ہارٹ، کینسراوردیگر بیماریوں کے علاج کے لئے میڈیکل سنٹرکے قیام کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ نے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا پلان بھی طلب کر لیا، فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کے تحت سب اربن ایریا اور دیہات میں مقررہ ایام پر موبائل ہیلتھ یونٹ بھیجیں گے ،موبائل ہیلتھ یونٹ میں میڈیکل آفیسر،ایل ایچ وی،ڈسپنسر اور دیگر سٹاف کے علاوہ ضروری طبی آلات ہوں گے ، پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مریم نواز نے نومولود بچوں کیلئے انکو بیٹر کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کا حکم دیا اور کہا پنجاب کے ہر شہری کے لئے علاج کی بہتر سہولتیں یقینی بنانا میرا عزم ہے ،بورڈ آف مینجمنٹ میں میرٹ پربہترین پروفیشنل اور ٹیکنیکل ممبر شامل کئے جائیں گے ،ہر ہسپتال میں خالصتاً میرٹ پر ایم ایس لگائے جائیں گے ،کرپشن پر زیر وٹالرنس ہے ،محکمہ صحت میں عوام کی آگاہی اور ہیلتھ سکریننگ کو ترجیح دی جائے ۔بی ایچ یو لیول پر ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔دریں اثنا مریم نوازنے پنجاب کے مختلف شہروں میں پتنگ بازی اور ڈور سے زخمی ہونے کے واقعا ت کا سخت نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب اورمتعلقہ شہروں کی ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی،شیخوپورہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ اور فیصل آبادسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈورپھرنے کے پے در پے واقعات پر وضاحت طلب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا پابندی کے باوجود پتنگ بازی کیوں ہورہی ہے ،انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ انسانی جانوں کا احساس کریں،عوام کے جان ومال کے حق کو تفریح کے حق پر قربان نہیں کیاجاسکتا۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب میں صفائی مہم کا بھی آغاز کردیا گیا، مہم 31مارچ تک جاری رہے گی جس میں سبزی منڈیوں،مارکیٹوں، بس ٹرمینلزکی بھرپور صفائی ہوگی،قبرستانوں کو بھی گھاس پھوس،جڑی بوٹیوں اور کوڑا کرکٹ سے صاف کیا جائے گا ۔ ڈی جی لوکل گورنمنٹ صاف ستھرا پنجاب مہم کے فوکل پرسن مقرر، روزانہ رپورٹ لی جائے گی۔ مریم نواز نے بلوچ کلچر ڈ ے پرخصوصی پیغام میں کہا بلوچستان خوبصورت لوگوں کی خوبصورت دھرتی ہے ،بلوچ کلچر میں بھی محبت اور حب الوطنی کے خدوخال نمایاں ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں