سندھ،بلوچستان سمگلنگ،ڈرگ مافیا کیخلاف مشترکہ اقدامات پر متفق

سندھ،بلوچستان سمگلنگ،ڈرگ مافیا کیخلاف مشترکہ اقدامات پر متفق

کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کے درمیان وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات ہوئی، اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ بہت جلد دونوں صوبوں کی سرحدوں پر قانون شکنوں کے خلاف سخت کارروائی ،اسمگلنگ اور ڈرگ مافیا کے خلاف مشترکہ اقدامات کئے جائینگے ۔

 اس موقع پر مراد علی شاہ نے سرفراز بگٹی کو بلوچستان کا بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔پیپلز پارٹی کے دونوں وزرائے اعلیٰ نے 9 مارچ کو صدارتی انتخاب سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے دوبارہ ملک کے صدر منتخب ہوجائیں گے ۔ انہوں نے امن و امان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ بہت جلد دونوں صوبوں کی سرحدوں پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اسمگلنگ و ڈرگ مافیا کے خلاف مشترکہ اقدامات کئے جائینگے ۔ مراد علی شاہ نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے ان کے دور میں ملک ترقی کرے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام نے پیپلزپارٹی کو پہلے سے زیادہ بڑا مینڈیٹ دیاہے ، کراچی سمیت پورے صوبے کی ترقی کیلئے کوشش کرینگے ، چیئرمین بلاول بھٹوکے وعدے بھی پورے کئے جائیں گے ۔ صوبائی الیکشن کمیشن میں سینیٹ کی دو نشستوں کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیاسے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں بااختیار بلدیاتی حکومت موجود ہے ، بحیثیت میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب فعال طریقے سے کام کررہے ہیں، اگربلدیاتی نظام میں بہتری لانے کیلئے مزید ترامیم کی ضرورت ہوئی تو وہ سندھ اسمبلی کرے گی۔ ان کاکہناتھاکہ مسلم لیگ ن بلدیاتی نظام کی کسٹوڈین نہیں ہے ،ویسے بھی سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ ن کا کوئی رکن نہیں ،میں بہت احترام کے ساتھ کہناچاہتاہوں کہ بلدیاتی ترامیم ن لیگ نہیں ، سندھ حکومت کرے گی۔ان کاکہناتھاکہ ایم کیوایم سندھ میں اسٹیک رکھتی ہے ، کوئی بات حرف آخر نہیں ، ہم ایم کیوایم اور سنی اتحاد کونسل ارکان سے بھی صدارتی الیکشن کے لئے ووٹ کی بات کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم سندھ میں بلاول بھٹو کے دس نکاتی منشور پر کام کریں گے ،مہنگائی بہت بڑا چیلنج ہے ، وفاقی حکومت کا پہلا کام معاشی صورتحال کو دیکھناہے اورمہنگائی کا بوجھ عام آدمی سے ہٹاناہے ۔انہوں نے کہاکہ سبسڈی اشرافیہ سے واپس لے کر عوام کوملنی چاہئے ۔ ان کاکہناتھاکہ بلاول بھٹو زرداری نے مفت بجلی اور مکانات بنا کر دینے کا وعدہ کیا ہے ، وہ جو وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں