یہی انداز رہا تو پارلیمنٹ کی کارروائی اورہمارا چلنا مشکل :بیرسٹر گوہر

 یہی انداز رہا تو پارلیمنٹ کی کارروائی اورہمارا چلنا مشکل :بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی کی کارروائی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی انداز رہا تو پارلیمنٹ کی کارروائی اور ان کے ساتھ چلنا مشکل ہو گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر عمر ایوب اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم جمہوری عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا لیڈر اور کارکن جیلوں میں ہیں، جن کو کسی صورت جیل میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف کو پی ٹی وی پر براہ راست دکھا یا گیا لیکن عمر ایوب کو کوریج نہیں دی گئی اور ڈپٹی سپیکر نے عمر ایوب کے کسی لفظ کو حذف نہیں کیا۔قومی اسمبلی کی کارروائی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر دوبارہ بھی ایسا ہوا تو یہاں چلنا بہت مشکل ہو جائے گا، ہم ہر ظلم کے باوجود پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہیں ۔اس موقع پر عمر ایوب نے کہا کہ ہماری جماعت ملک میں بہتری اور نظام تبدیل کرنے کی خواہش مند ہے ، ہم چاہتے ہیں فارم 47 کے رچائے گئے ڈرامے کی تہہ تک پہنچا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں