پہلے مرحلے میں 18 رکنی وفاقی کابینہ حلف اٹھائے گی

پہلے مرحلے میں 18 رکنی وفاقی کابینہ حلف اٹھائے گی

لاہور (نامہ نگار خصوصی) وزارت عظمیٰ کے منصب پر شہباز شریف کے انتخاب کے بعد وفاقی کابینہ کی تشکیل بارے مشاورتی عمل شروع ہے ۔اس حوالے سے بڑا کردار ن لیگ کے قائد نواز شریف کا بتایا جا رہا ہے جنہوں نے کابینہ بارے کچھ پارٹی ذمہ داروں کے نام دیئے ہیں۔

 نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کی پہلے مرحلہ میں سولہ سے اٹھارہ رکنی کابینہ حلف اٹھائے گی اور اس حوالے سے اسحق ڈار، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا تنویر حسین، امیر مقام خان، ڈاکٹر طارق فضل ، حنیف عباسی، یعقوب ناصر، عطا تارڑ، جام کمال کے علاوہ ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار مصطفی کمال اور بلوچستان سے ڈاکٹر خالد مگسی کے نام شامل ہیں ۔تین مشیروں کے نام بھی ممکنہ کابینہ میں شامل ہیں جن میں رانا ثنا اﷲ ، سعد رفیق اور خرم دستگیر کے نام شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے کابینہ میں عدم شمولیت کے فیصلہ کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف پیپلز پارٹی کے دو ا ہم افراد کی حکومتی شمولیت میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ پیپلز پاٹری کی لیڈر شپ کرے گی۔ حکومتی ذمہ دار ذرائع کے مطابق نئی کابینہ کا اعلان دو تین روز میں ہو سکتا۔ معلوم ہوا ہے کہ نئی کابینہ میں تین چار وزرائے مملکت بھی شامل ہو گئے ہیں جن میں بلال اظہر کیانی، شیزا خواجہ ،ریاض الحق جج اسامہ اشقاف سرور اور نوشین افتخار کے ناموں پو غور جاری ہے معلوم ہوا ہے کہ خارجہ امور کے حوالہ سے خواجہ آصف کا نام لیا جا رہا ہے مگر اس امر کا بھی امکان ہے کہ یہ ذمہ داری وقتی طور پر خود وزیراعظم شہباز شریف اپنے پاس رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں