مسلم لیگ ن کیلئے حکومت اعزاز کم اور آزمائش زیادہ

 مسلم لیگ ن کیلئے حکومت اعزاز کم اور آزمائش زیادہ

(تجزیہ:سلمان غنی) بلاشبہ نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کا ملکی تقدیر بدلنے کا عزم لئے میثاق مفاہمت کی بات کرنا اور اپوزیشن کو مل کر بیٹھنے کی دعوت دینا حقیقت پسندانہ اور وقت کی بہترین ضرورت ہے۔

 لیکن کیا ان کی اس پیشکش کو اس جذبہ کے تحت اپوزیشن لے گی فی الحال ایسا ممکن نظر نہیں آتا،ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پیشکش کو محض پیشکش کے طور پر نہ لیا جائے بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے لہٰذا اس حوالہ سے خود حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کو ہی اپنے طرزعمل اور اقدامات سے ایسا ماحول طاری کرنا ہوگا کہ اپوزیشن کو اپنے طرزعمل پر نظرثانی کرنا  پڑے ، چونکہ ملکی سیاست میں ڈیڈلاک اور ملکی معیشت ڈانواں ڈول ہے ،مہنگائی ،بیروزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا، افسوس کسی سیاسی قوت نے تناؤ اور ٹکراؤ کے خاتمہ کی سنجیدہ کوشش نہیں کی اور یہی وجہ ہے ملک آگے کی بجائے پیچھے گیا،اب انتخابات بارے بہت سے تحفظات سامنے آئے ہیں اور اس حوالہ سے متعلقہ اداروں نے انہیں دور کرنے کی کوشش نہیں کی اور آنے والے حالات میں یہ ایشو رہے گا البتہ جہاں تک شہباز شریف اور ان کی حکومت کے ٹیک آف کا سوال ہے تو اس کا انحصار ان کی نیک نیتی اور اقدامات پر ہوگا،افسوس سابق اتحادی حکومت کے دور میں عوام کا بھرکس نکل گیا اب شہباز شریف اور ان کی حکومت کے پاس اچھی خاصی اکثریت ہے وہ خود اپنے حریف سے دوگنے ووٹ لیکر وزیراعظم منتخب ہوئے لہٰذا اس پارلیمانی قوت اور طاقت کو اب واقعتاً ملک و قوم کے لئے استعمال ہونا چاہئے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ بتائیں کہ حکومتی اخراجات کیسے کم کریں گے ،حکمران طبقہ کی عیاشیوں اور اشرافیہ کی مراعات کے رحجان کاسدباب کئے بغیر ملک پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتالہٰذا ان کیلئے بڑا چیلنج یہی ہوگا کہ کیا وہ حکمران ٹولہ اور اشرافیہ کے آگے بند باندھ سکیں گے ؟ انہیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ ان کی مخلوط حکومت ہے اور اکثریتی جماعت اقتدار سے باہر بیٹھی اپنے غم و غصہ کا اظہار کرتی نظر آ رہی ہے اور تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ عوام کے اندر بھی غصہ اور ردعمل موجود ہے اور اگر حکومت ڈلیور نہ کر پائی تو حکومت کیلئے مسائل بڑھیں گے لہٰذا مسلم لیگ ن کو جان لینا چاہئے یہ حکومت ان کیلئے انعام نہیں بلکہ آزمائش ہے جہاں تک اپوزیشن کے طرز عمل یاردعمل کا سوال ہے تو اس کاانحصار بھی حکومتی کارکردگی پر ہوگاآنے والے چند ماہ اس حوالہ سے اہم ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں