انتخابات میں ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی ، ایمل ولی
اسلام آباد(آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخواکے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی ہے ، قوم کے مینڈیٹ کا مذاق اڑایا گیا۔
لوگ جعلی فارم 45 لئے گھوم رہے ہیں اور ملک کا ستیاناس کر رہے ہیں،ادارے چیخ رہے ہیں کہ پختونخوا میں کھلی دھاندلی ہوئی مگر اسے جنون کہا جا رہا ہے ،یہ کیسا جنون ہے جو کراچی میں ایم کیو ایم کو نہیں کھا پایا یہ کیسا جنون ہے جو سندھ ، بلوچستان میں نہیں ہے اور پنجاب میں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا،انتخابات میں آراوز کے ذریعے اربوں روپے کمائے گئے ہیں ، پارلیمان کی کرسیوں کی بولیاں لگائی گئیں ، ایک ایک حلقے میں دو دو تین تین چار چار امیدواروں سے پیسے لیے گئے ہیں جس نے زیادہ پیسے دیئے وہ جیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق اور ڈرامہ کیا گیا ہے ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی سربراہی میں ایک جوڈیشل کمیشن بنائیں الیکشنز میں جو ہوا ہے اس کی انکوائری کریں ۔