ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ سرگنگا رام ہسپتال ،فیسوں میں کروڑوں کاغبن

ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ سرگنگا رام ہسپتال ،فیسوں میں کروڑوں کاغبن

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )سرگنگارام ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی فیسوں میں کروڑوں کے غبن کا انکشاف ہوا ہے ،محکمہ صحت سپشلائزڈنے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس سیموئیل امانت کو فوری طور پر محکمہ صحت سپشلائزڈ میں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا جبکہ سینئر بجٹ اینڈ اکاؤنٹ آفیسر محمد اسرار الحق چائلڈ ہیلتھ یونیورسٹی کو فوری ڈائریکٹر فنانس گنگارام ہسپتال کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے ۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ،جس کی کنونیئر ڈپٹی ڈائریکٹر تانیہ ملک ہوں گی جبکہ ایس او جنرل جاوید حسین، ڈائریکٹر انٹرنل ونگ آڈٹ حسیب حسن اور محمد حسیب امداد آڈٹ افسرممبر ہونگے ۔ رپورٹ کے مطابق گنگارام ہسپتال کی انتظامیہ نے ایم آر آئی، سی ٹی سکین، ایکسرے ،ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹوں کی فیس کی مد میں دو مالی سالوں میں 17 کروڑ 80 لاکھ سے زائد پیسے اکٹھے کئے جبکہ بینک کی رسیدوں کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے صرف 3 کروڑ 81لاکھ58 ہزار چھ سو انیس روپے بینک میں جمع کروائے ۔بینک کی سٹیٹمنٹ کے مطابق 14کروڑ 38 لاکھ 90 ہزار 465 روپے بینک میں جمع ہی نہیں کروائے گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں