وزیر اعظم کاامن و امان یقینی بنانے پر اداروں کو خراج تحسین
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ،اے پی پی ،دنیا نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فوج، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو عید الفطر کے موقع پر ملک میں امن و امان یقینی بنانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے لازوال قربانیاں ہیں۔
وزیر اعظم نے افواج پاکستان کے سربراہوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور کہا مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم سرحدوں پر اپنے وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربرہ ا یئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو ٹیلی فون کئے اور عید کی مبارکباددی۔وزیر اعظم نے کہا افواجِ پاکستان کے سربراہان کی پیشہ و رانہ قیادت میں ہمارے جوان وطن کے دشمنوں اور دھشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔ شہباز شریف نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کو ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کی مبارکبادیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مولانا فضل الرحمن نے بھی وزیر اعظم کو عید کی مبارکباد پیش کی۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی ،فلسطین اور کشمیر کے عوام پر ظلم و جبر کے خاتمے کیلئے دعا کی۔وزیراعظم سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہباز شریف سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی ملاقات کی۔وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو اپنے آنے والے دورہ امریکا کے بارے میں آگاہ کیا۔