مریم نواز کا سنگا پور،انگلینڈ،ابوظہبی میں آ ئی ٹی سٹی کیلئےروڈ شوز کرنے کا فیصلہ

مریم نواز کا سنگا پور،انگلینڈ،ابوظہبی میں آ ئی ٹی سٹی کیلئےروڈ شوز کرنے کا فیصلہ

لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے چین میں روڈ شوز پر رپورٹ پیش کی۔

 اجلاس میں سنگا پور،انگلینڈ، ابو ظہبی اور دیگر ممالک میں بھی آئی ٹی سٹی کے لئے روڈ شوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملک بھر میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے لئے رواں ماہ سے اگست تک روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے آئی ٹی سٹی کے لئے دنیا کی بہترین آرکیٹکچرل کمپنیز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بزنس کال سنٹرز کے لئے دو ٹاورز مختص کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بڑوں شہروں کو عالمی سطح پر آئی ٹی حب بنانا چاہتے ہیں۔ان کاکہنا تھا پاکستان کے سب سے بڑے اور پہلے آئی ٹی سٹی میں 16 چینی کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار اور چین کی آٹھ کمپنیاں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فوری طور پر کام کرنے کے لئے تیارہیں۔

وزیر اعلی ٰپنجاب مریم نواز سے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن( ڈی سی او)کی سیکرٹری جنرل دیمہ ال یحیی نے ملاقات کی۔ دیمہ ال یحیی نے مریم نوازکو پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں آئی ٹی کا بہت پوٹینشل ہے ، پنجاب سے سعودی کمپنیوں کو تربیت یافتہ آئی ٹی افرادی قوت فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔ سعودی عرب کے اعلیٰ ٹیک انکیوبیٹرز کے ساتھ سٹارٹ اپ ایکسچینج پروگرام قائم کرنا چاہتے ہیں ۔لاہور میں جدید آئی ٹی سٹی بنانے جا رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ آئی ٹی اینڈ ٹیک ڈسٹرکٹ، ایجوکیشن سٹی، فلم سٹی، کمرشل اور رہائشی علاقے تعمیر کئے جائیں گے ۔ سیکرٹری جنرل ڈی سی او دیمہ ال یحیی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کامرس نیٹ ورک ( آئی ٹی سی این ) کی میزبانی سے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں