پشاور ہائیکورٹ:14دن میں کے پی اسمبلی کا اجلاس بلا کر نو منتخب ارکان سے حلف لینے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ:14دن میں کے پی اسمبلی کا اجلاس بلا کر نو منتخب ارکان سے حلف لینے کا حکم

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی)پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو 14 دن کے اندر اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے اور سپیکر کو سینیٹ انتخابات سے قبل نو منتخب ممبران سے حلف لینے کا حکم جاری کردیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان سے حلف نہ لینے کے معاملے میں پشاور ہائی کورٹ نے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا جو کہ 24 صفحات پر مشتمل ہے جسے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے تحریر کیا  ہے ۔تفصیلی فیصلے میں عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی کابینہ کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے ، عدالت نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت 14 دن کے اندر کے پی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے ، سینیٹ انتخابات سے قبل ان نو منتخب ممبران سے حلف لیا جائے ، سپیکر کے پی اسمبلی نو منتخب مخصوص نشست ممبران سے حلف لیں،مخصوص نشستوں پر نو منتخب ممبران کو حلف سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے ۔ تفصیلی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے یکم مارچ کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لئے دائر درخواست خارج کردی، الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کیا، سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی توپشاور ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے 14 مارچ کو سنی اتحاد کونسل کی درخواست خارج کیا۔تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لینے کے لیے گورنر نے 22 مارچ کو 3 بجے اجلاس سمن کیا، سپیکر نے اجلاس نہیں بلایا تو درخواست گزاروں نے اس عدالت سے رجوع کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں