آن لائن ٹیکسی ڈرائیورکی سمندر میں کود کر خود کشی

آن لائن ٹیکسی ڈرائیورکی سمندر میں کود کر خود کشی

کراچی(آئی این پی)مالی مشکلات کے باعث گھر میں لڑائی جھگڑوں سے تنگ نوجوان آن لائن ٹیکسی ڈرائیورنے سی ویو دو دریا کے قریب سمندر میں کود کر خود کشی کرلی۔

کراچی میں سی ویو دو دریا کے قریب خود کشی کرنے والے شہری 27 سالہ طاہر محمود کو تلاش کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے ، ڈوبنے والے شخص کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا طاہر محمود آن لائن ٹیکسی چلاتا تھا، رات کو اس نے ویڈیو کال کر کے میری بہو کو بتایا کہ خود کشی کر رہا ہوں ، وہ اس وقت سے لاپتا ہے ۔گھریلو پریشانیوں سے تنگ شاہ فیصل کالونی کے رہائشی نوجوان طاہر محمود نے سمندر میں ڈوب کر خود کشی کرنے سے پہلے اپنی دوسری بیوی کو ویڈیو کال کر کے آگاہ کیا، طاہر محمود نے کہا ‘‘میں خود کشی کر رہا ہوں تم سب خوش رہو۔’’پولیس نے ساحل سے کچھ فاصلے پر نوجوان کی گاڑی برآمد کر لی ہے ،  پولیس کے مطابق طاہر محمود نے دو شادیاں کر رکھی تھیں اور مالی مشکلات کی وجہ سے گھر میں لڑائی جھگڑوں سے تنگ تھا۔انچارج ایدھی بحری خدمات فاروق بلوچ کے مطابق سمندر کی تیز لہروں کے باعث بحری خدمات کی ٹیموں کو نوجوان کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے ۔نوجوان طاہر محمود کے والد نے بتایا کہ وہ 2 بچیوں کا باپ ہے ، جن میں سے ایک بیٹی کا انتقال ہو چکا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں